Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کبھی سلمان خان کے لیے کیوں نہیں لکھا؟‘، سلیم خان نے بالآخر جواب دے ہی دیا

سلیم خان اور جاوید اختر کی جوڑی نے بالی وڈ کو کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں (فوٹو: شوبز تماشا)
بالی وڈ کو بے شمار سپر ہٹ فلمیں دینے والے مشہور سکرپٹ رائٹر سلیم خان نے اپنے سپر سٹار بیٹے سلمان خان کے لیے کوئی سکرپٹ نہیں لکھا، جس پر اکثر اس کی وجہ سلیم خان سے پوچھی جاتی رہی ہے تاہم اب انہوں نے اس کا جواب دے دیا ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلیم خان کا شمار ان سکرپٹ رائٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی وڈ کو ایک تناور درخت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے جاوید اختر کے ساتھ مل کر شعلے، زنجیر اور سیتا اور گیتا سمیت کئی فلموں کے لیے سکرپٹ لکھا جو کئی دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی مقبول ہیں۔
سلیم خان کو بالی وڈ کے ان بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے کئی نسلوں کو متاثر کیا۔
تاہم ان تمام باتوں کے باوجود یہ بات اخبار نویسوں کے علاوہ فینز کے ذہنوں میں موجود ہے کہ کئی اداکاروں کو سپر سٹار بنانے والے منصنف نے اپنے سپر سٹار بیٹے سلمان خان کے لیے کیوں نہیں لکھا۔
یہ سوال کئی بار سلمان خان سے بھی پوچھا گیا ہے تاہم وہ بھی کبھی اس کا واضح جواب نہیں دے پائے ہیں۔
تاہم ایک انٹرویو میں سلیم خان نے اس معاملے پر بات کی ہے اور اس کی وجہ بھی بتا دی ہے۔
ان کے مطابق ’یہ سوال مسلسل میرا پیچھا کرتا آ رہا ہے مگر میں نے سلمان خان کے لیے خود ہی لکھنے سے گریز کیا۔‘

سلیم خان کے بیٹے ارباز خان اور سہیل خان بھی کئی فلموں میں کام کر چکے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام، ارباز خان)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب کوئی کسی کے پاس جاتا ہے تو کہتا ہے کہ میرے پاس بڑا کمال کا سکرپٹ ہے، آپ سن لیجیے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس سکرپٹ کو بھی سننے سے قبل ہی سامنے آنے والے ذہن میں خیال آئے گا کہ اگر اتنا ہی اچھا سکرپٹ تھا تو اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر فلم کیوں نہیں بنا لی۔
سلیم خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سلمان خان کے لیے لکھنا بہت بڑا رسک ہے۔
’اگر سلمان خان کے ساتھ فلم بناتا یا اب بناؤں تو اس میں ایک بڑے رسک کا سامنا ہے، فلم ہِٹ ہو گئی تو ان کی ہے اور اگر فلاپ ہو گئی تو ڈیڈی کی تھی۔‘
سلمان خان کے علاوہ سلیم خان کے بیٹوں سہیل خان اور ارباز خان نے بھی کئی فلموں میں کام کیا ہے تاہم وہ سلمان خان کی طرح کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ بالی وڈ میں سلیم خان کے خاندان کو ایک مثالی خاندان سمجھا جاتا ہے جس کے زیادہ تر ارکان ایک ہی گھر میں رہتے ہیں۔

شیئر: