’ادبی و تخلیقی دیوالیہ پن‘، جاوید اختر نے ’بارڈر2‘ کے گانے لکھنے سے انکار کیوں کیا؟
’ادبی و تخلیقی دیوالیہ پن‘، جاوید اختر نے ’بارڈر2‘ کے گانے لکھنے سے انکار کیوں کیا؟
منگل 20 جنوری 2026 12:44
فلم ’بارڈر ٹو‘ رواں برس کے اوائل میں ریلیز ہو رہی ہے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کے مشہور نغمہ نگار جاوید اختر نے وہ وجہ بتا دی ہے جس کی بنا پر انہوں نے سنی دیول کی مشہور فلم ’بارڈر 2‘ کے لیے گانے لکھنے سے انکار کیا۔
1997 میں اس فلم کا پہلا حصہ ریلیز ہوا تھا جس کے گانے بہت مقبول ہوئے تھے جو جاوید اختر نے لکھے تھے اور موسیقی انو ملک کی تھی۔
فلم بین بارڈر ٹو میں بھی اسی جوڑی کا کام دیکھنا چاہتے تھے مگر پھر رپورٹس سامنے آئیں کہ جاوید اختر نے فلم کے لیے گانے لکھنے سے معذرت کر لی ہے، اس پر کچھ فینز مایوسی کا شکار بھی ہوئے اور اس انکار کے حوالے سے مختلف افواہیں بھی گردش کرتی رہیں۔ تاہم اب اس معاملے پر جاوید اختر نے خاموشی توڑ دی ہے۔
انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں جاوید اختر نے بتایا کہ فلم میکرز نے ان سے رابطہ کیا تھا مگر وہ جس طرح سے گانے لکھوانا چاہتے تھے اس کو وہ قبول نہیں کر سکے۔
ان کے مطابق ’اگر وہ ایسا کرتے تو یہ ایک قسم کی تخلیقی اور ادبی دیوالیہ پن ہوتا۔‘
انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹیم انہی گانوں پر پھر سے کام کروانا چاہتی تھی۔‘
انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا ضروری ہے کہ اگر آپ کا ایک گانا ہٹ ہوا ہو اس میں مزید اشعار ڈال کر نئے انداز میں پھر سے بنا دیں۔
جاوید اختر کے مطابق ’مجھے یہ اخلاقی و ادبی دیوالیہ پن محسوس ہوا، اگر آپ کام کرنا چاہتے ہیں تو کچھ نیا بنائیں یا پھر یہ قبول کر لیں کہ آپ نیا کام نہیں کر سکتے۔‘
جاوید اختر نے فلموں کے لیے موسیقی کی تیاری کے وقت اصلیت پر زور دیا۔
انہوں نے 1964 میں فلم ’حقیقت‘ کے لیے لکھے گئے گانے ’کر چلے ہم فدا‘ اور ’میں یہ سوچ کر اس کے در سے اٹھا تھا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب یہ گانے بہت شاندار تھے اس وقت بھی فلم میکرز نے ان کو دوبارہ سے استعمال نہیں کیا بلکہ انہوں نے نئے گانے تیار کیے جو شائقین کے جذبات سے مطابقت رکھتے تھے۔
1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بارڈر‘ کے گانے جاوید اختر نے لکھے تھے جو بہت مشہور ہوئے (فوٹو: فلمی بیٹ)
ان کے بقول ’جب بیت گیا سو بیت گیا، اب اس کو پھر سے بنانے کی ضرورت کیا ہے۔ آپ ایک فلم دوبارہ بنا رہے ہیں تو نئے گانے بھی بنائیں، آپ ماضی پر تکیہ کیوں کر رہے ہیں۔‘
جاوید اختر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو ایک طرح یہ تسلیم کرتے ہیں کہ آپ ماضی کے ساتھ ہی جینا چاہتے ہیں۔‘
انوراگ سنگھ کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم بارڈ ٹو 2026 کے اوائل میں ریلیز ہو رہی ہے۔ اس میں سنی دیول مرکزی کردار کے ساتھ واپس آ رہے ہیں جبکہ اس میں ورون دھون، دلجیت دوسانجھ اور آہان شیٹی نے بھی کام کیا ہے۔
اس کی کہانی 1971 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی جنگ کے تناطر میں ہے۔
اس فلم کے کئی گانے منظرعام پر آ چکے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر پچھلی فلم ’بارڈر‘ کے مشہور گانوں کے نئے ورژن ہیں۔