’اسلامی اخوت‘: مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں افطار دستر خوان سج گئے
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں زائرین اور نمازیوں نے سورج غروب ہوتے ہی رمضان المبارک کا پہلا روزہ افطار کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حرمین شریفین میں افطار دسترخوان سجانے کی قدیم روایت ہے۔ یہ مناظر اس مقدس مہینے کی روحانیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

حرمین کے صحنوں، راہداریوں، چھتوں اور توسیعی حصے تک پھیلے افطار دسترخوان اسلامی اخوت اور یگانگت کا نمونہ پیش کر رہے تھے۔
افطار ختم ہوتے ہی حرمین میں تعینات کارکنان نے ریکارڈ وقت میں دسترخوان سمیٹ لیے اور تیزی سے صفائی کا کام مکمل کیا۔

سعودی عرب میں ماہ رمضان کے آغاز ہوتے ہی حرمین شریفین میں لاکھوں افراد کے لیے افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ اس کے لیے پرمٹ جاری کرتی ہے جس کے ضوابط مقرر ہیں۔
