ایپسٹین کو خفیہ دستاویزات بھیجنے کا الزام، بادشاہ چارلس کے چھوٹے بھائی گرفتار
جمعرات 19 فروری 2026 16:51
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کے چھوٹے بھائی اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کو جمعرات کو عوامی عہدے کے ناجائز استعمال کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ سرکاری دستاویزات جیفری ایپسٹین کو بھیجی تھیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانیہ میں پولیس عمومی طور پر مشتبہ افراد کے نام ظاہر نہیں کرتی، تاہم حکام نے ایسی تفصیلات جاری کیں جن سے سابق شہزادے کی شناخت ممکن ہوئی، جو اس الزام کے تحت زیرِتفتیش تھے کہ انہوں نے تجارتی ایلچی کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے مذکورہ دستاویزات ایپسٹین کو فراہم کیں۔
تھیمز ویلی پولیس، جس نے اس ماہ کے آغاز میں الزامات کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، نے بتایا کہ 60 سے زائد برس کی عمر والے ایک شخص کو گرفتار کر کے پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل اولیور رائٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ’مکمل جائزے کے بعد ہم نے عوامی عہدے کے ناجائز استعمال کے اس الزام کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اپنی تحقیقات کی دیانت اور غیرجانبداری کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اس مبینہ جرم کی چھان بین کر رہے ہیں۔ ہمیں اس معاملے میں عوامی دلچسپی کا ادراک ہے اور مناسب وقت پر مزید آگاہ کیا جائے گا۔‘
بادشاہ چارلس سوم نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ انہیں اپنے چھوٹے بھائی کی گرفتاری کی خبر پر ’گہری تشویش‘ ہوئی ہے اور قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کے بارے میں عوامی عہدے کے ناجائز استعمال کے شبے کی خبر انتہائی تشویش کے ساتھ ملی۔ اب اس معاملے کی مکمل، منصفانہ اور مناسب طریقے سے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کی جائیں گی۔ میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔‘
ملکہ الزبتھ دوم کے دوسرے بیٹے اور سابقہ شہزادے اینڈریو، جو جمعرات کو اپنی 66ویں سالگرہ منا رہے تھے، نے ہمیشہ ایپسٹین سے متعلق کسی بھی غلط کام کی تردید کی ہے اور ان کے ساتھ دوستی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تاہم امریکی حکومت کی جانب سے حالیہ دستاویزات کے اجرا کے بعد انہوں نے کسی تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا
واضح رہے کہ گرفتاری کا مطلب جرم کا ثابت ہونا نہیں ہوتا۔
