دفاعی تعاون بڑھاتے ہوئے انڈیا کے ساتھ مشترکہ طور پر رفال طیارے بنائیں گے، فرانسیسی صدر
دفاعی تعاون بڑھاتے ہوئے انڈیا کے ساتھ مشترکہ طور پر رفال طیارے بنائیں گے، فرانسیسی صدر
جمعرات 19 فروری 2026 20:12
پاکستان سے گزشتہ برس مئی کی لڑائی کے بعد انڈیا کی دفاعی شعبے میں یہ اہم پیش رفت ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے کہا ہے کہ فرانس اور انڈیا دفاعی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں جس میں مشترکہ طور پر رفال لڑاکا جہاز اور ہیلی کاپٹر بھی تیار کیے جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعرات کو صدر میکخواں کا کہنا تھا کہ فرانس کو اُمید ہے کہ وہ انڈیا کو مزید آبدوزیں بھی فروخت کرے گا۔
فرانسیسی صدر نے انڈیا کے تین روزہ دورے کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ دفاع تعلقات میں ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے انڈیا کی جانب سے مزید 114 رفال جیٹ فائٹرز کا متوقع آرڈر ہے جبکہ فرانس کو امید ہے کہ انڈیا آبدوزیں بھی خریدے گا۔
میکخواں نے کہا کہ ’رفال پر، ہم جو کچھ کرنا چاہتے ہیں وہ اس کو توسیع دینا ہے۔ انڈیا نے کچھ دن پہلے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ مزید رفال لے گا، 114... اور اس کی انڈیا میں مشترکہ پیداوار کے لیے تیار ہیں۔‘
انڈیا کی وزارت دفاع کی ڈیفنس ایکوزیشن کونسل نے گزشتہ ہفتے دیگر طیاروں اور میزائلوں کے علاوہ فضائیہ کے لیے مزید 114 رفال جیٹ طیاروں کے حصول کی ابتدائی منظوری دی تھی۔
پاکستان سے گزشتہ برس مئی کی لڑائی کے بعد انڈیا کی دفاعی شعبے میں یہ اہم پیش رفت ہے۔
انڈیا نے اپنی فضائیہ کے لیے اب تک 36 رفال خریدے ہیں جبکہ اپنی بحریہ کے لیے رفال جیٹ کے مزید 26 میرین ورژن کا آرڈر دیا ہے۔
رفال کی خریداری کے سودے کی تفصیلات بشمول مشترکہ پیداوار کے منصوبے کو ابھی جاری نہیں کیا گیا۔ توقع ہے کہ تکنیکی اور تجارتی بات چیت کے بعد اس کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
انڈیا کی بحریہ کے پاس چھ فرانسیسی سکارپین آبدوزیں ہیں اور مزید کی خریداری متوقع ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈین میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فرانس کی ڈسالٹ ایوی ایشن کمپنی کے تیار کردہ 114 رفال جیٹ طیاروں کی قیمت 35 ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 114 میں سے 90 جیٹ طیاروں کو انڈیا میں ہی ایک مشترکہ منصوبے کے تحت تیار کیا جا سکتا ہے۔
فرانسیسی صدر نے کہا کہ ’رفال بالکل کلیدی ہے۔‘ مجھے امید ہے کہ ہم اسے آبدوزوں کے ساتھ کریں گے۔ ہم نے اضافی صلاحیت کی پیشکش کی۔‘
انڈیا کی بحریہ کے پاس چھ فرانسیسی سکارپین آبدوزیں ہیں اور مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مزید خریدنے کے لیے آرڈر دینے کا منصوبہ ہے۔
منگل کو صدر میکخواں اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے پہلی ایچ 125 ہیلی کاپٹر اسمبلی لائن کا اعلان کیا جو انڈیا میں ایئربس اور ٹاٹا ایڈوانس سسٹم کے مشترکہ منصوبے کے تحت بنائے جائیں گے۔ اسی طرح انڈیا کی سرکاری کمپنی بھارت الیکٹرونکس اور سافران ساف کے مشترکہ منصوبے کے تحت ہیمر میزائل بھی تیار کیے جائیں گے۔