Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کا مزید فرانسیسی رفال طیاروں کی خریداری کا فیصلہ، 39 ارب ڈالر ڈیل کی منظوری

فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں 17 فروری کو انڈیا کا دورہ کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی وزارت دفاع کے حکام نے جمعرات کے روز 39 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی سازوسامان کی خریداری کی منظوری دے دی، جس میں مزید فرانسیسی رفال طیارے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ فیصلہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں کے دورۂ انڈیا سے چند روز قبل کیا گیا۔
وزارتِ دفاع کے ایک ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس منظوری میں 114 رفال لڑاکا طیاروں کی خریداری شامل ہے، جو انڈین فضائیہ کے زیرِ استعمال موجود درجنوں طیاروں کے علاوہ ہوں گے۔
انڈیا کی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ خریداری… تنازعات کے تمام پہلوؤں میں فضائی برتری حاصل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گی اور طویل فاصلے تک حملہ کرنے کی صلاحیت کے ذریعے انڈین فضائیہ کی دفاعی قوت کو نمایاں طور پر مضبوط بنائے گی۔‘
تاہم بیان میں طیاروں کی درست تعداد کی وضاحت نہیں کی گئی۔
ڈیفنس اکیوزیشن کونسل، جس میں اعلیٰ فوجی افسران اور وزیرِ دفاع شامل ہیں، کی جانب سے منظوری ملک میں کسی بھی فوجی سازوسامان کی خریداری کے لیے ایک اہم ابتدائی قدم ہوتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’خریدے جانے والے ایم آر ایف اے (ملٹی رول فائٹر ایئرکرافٹ) کی اکثریت انڈیا میں تیار کی جائے گی۔‘
نئی دہلی نے گذشتہ دہائی کے دوران روس پر اپنے انحصار کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے، جو روایتی طور پر اس کا سب سے بڑا فوجی سازوسامان فراہم کرنے والا ملک رہا ہے۔
انڈیا نے امریکہ، فرانس اور اسرائیل سے فوجی سازوسامان کی درآمدات میں اضافہ کیا ہے۔
ایمانویل میکخواں 17 فروری کو انڈیا کا دورہ کریں گے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت نے ’میک اِن انڈیا‘ پالیسی کے تحت ملکی دفاعی صنعت میں نجی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے قوانین میں نرمی بھی کی ہے۔
2015 سے اب تک انڈیا تقریباً 8.7 ارب امریکی ڈالر مالیت کے 26 رافیل طیارے خرید چکا ہے، اور اپریل میں مزید 26 لڑاکا طیارے خریدنے کے لیے ایک نیا اربوں ڈالر کا معاہدہ بھی کیا گیا تھا۔

شیئر: