شمالی وزیرستان میں بچی آئینہ وزیر کی وائرل ویڈیو بنانے والا شخص ’اغوا‘ کے بعد بازیاب
شمالی وزیرستان میں بچی آئینہ وزیر کی وائرل ویڈیو بنانے والا شخص ’اغوا‘ کے بعد بازیاب
ہفتہ 21 فروری 2026 11:36
پاکستان کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں ایک کمسن لڑکی کی کرکٹ کھیلتی ہوئی ویڈیو بنانے والے شخص کو اغوا کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ خطے میں خواتین کی سرِعام موجودگی سے متعلق روایتی حساسیت اب بھی برقرار ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر 10 سالہ عائشہ عرف آئینہ وزیر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ پُراعتماد انداز میں تیز بولنگ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ یہ علاقہ ماضی میں شدت پسندوں کے گڑھ کے طور پر جانا جاتا تھا، جہاں لڑکیوں کی تعلیم اور کھیلوں کی سرگرمیاں عرصۂ دراز تک تقریباً بند رہیں۔
ویڈیو سامنے آتے ہی پاکستان بھر میں اسے غیرمعمولی پذیرائی ملی اور پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی نے بھی آئینہ کو سپورٹ کرنے کی پیشکش کی۔
تاہم ویڈیو کے مشہور ہوتے ہی اس کے خالق، ظفران وزیر، کو جمعے کی شام تحصیل شیوا کے دور دراز علاقے سے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی کہ علاقے کی دشوار گزار صورتحال کے باعث سرچ آپریشن مشکل تھا۔ مقامی سماجی کارکن ابراہیم پشتین کے مطابق قبائلی جرگے کی مداخلت سے ظفران کو رہا کرا لیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق اغوا کے دوران منظرِعام پر آنے والی ایک ویڈیو میں ظفران وزیر ایک کمرے میں بیٹھے یہ کہتے دکھائی دیے کہ لڑکی کی عمر کم تھی اور اس کی بولنگ قابلِ تعریف تھی، مگر ویڈیو ’حد سے زیادہ‘ وائرل ہو گئی، اور کچھ لوگوں نے اسے مذہبی اور پشتون روایات کے منافی تصور کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ آئندہ سوشل میڈیا کا استعمال احتیاط سے کریں گے۔
آئینہ وزیر کے خاندان نے اسے حفاظت کے پیش نظر کسی اور مقام پر منتقل کر دیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ویڈیو پر عوامی ردعمل دو حصوں میں بٹا ہوا تھا، جو اس خطے کے سخت قدامت پسند ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ اگرچہ گزشتہ برسوں میں فوجی کارروائیوں کے بعد سکیورٹی بہتر ہوئی ہے، مگر سماجی سوچ میں تبدیلی کی رفتار سست ہے اور لڑکیوں کے سامنے آنے یا آن لائن دکھائی دینے پر اب بھی اعتراض کیا جاتا ہے۔
دریں اثنا، آئینہ وزیر کے خاندان نے اسے حفاظت کے پیش نظر کسی اور مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اعلان کیا تھا کہ آئینہ کو خواتین کی کرکٹ لیگ کے منصوبے میں شامل کیا جائے گا اور اسے بھرپور سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ آگے بڑھ سکے۔