امریکہ میں شدید برفانی طوفان، شہری گھروں میں محصور، پروازیں معطل
امریکہ میں شدید برفانی طوفان، شہری گھروں میں محصور، پروازیں معطل
پیر 23 فروری 2026 10:51
شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو: اے پی)
امریکہ میں شدید برفانی طوفان کی پیش گوئی کے بعد نیویاک شہر اور شمال مشرقی حصے میں لاکھوں کی تعداد میں شہری گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ آج سکول بھی بند ہیں اور سفر پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق شدید برف باری اور تیز ہواؤں کا سلسلہ گنجان آباد علاقے میں داخل ہو گیا ہے۔
نیویارک شہر کے موبائل فونز پر اتوار کی رات موسم کے حوالے سے الرٹس موصول ہوئے جن میں کہا گیا تھا کہ ’خطرناک برفانی طوفان کی وجہ سے پیر کی دوپہر تک سڑکوں پر سفر پر پابندی کا اعلان کیا جاتا ہے۔‘ دوسری طرف رہوڈ آئی لینڈ اور نیو جرسی نے بھی ایسی ہی پابندیاں نافذ کی ہیں۔
علاقائی ایئر پورٹس پر بڑے پیمانے پر پروازیں منسوخ ہوئیں۔ جنہوں نے پرواز بھری تھی انہیں منزل تک پہنچنے میں تاخیر کا سامنا رہا۔
اسی طرح ڈور ڈیش کی جانب سے بھی اعلان سامنے آیا کہ وہ رات کے وقت نیویارک میں سامان کی ترسیل کا سلسلہ معطل کر رہا ہے۔
برفانی طوفان کے بارے میں وارننگز کا سلسلہ میری لینڈ سے ریاست مین تک بھی پھیلا کیونکہ طوفان کے شمال کی طرف بڑھنے کے ساتھ برفباری کا سلسلہ شروع ہوا اور قومی موسمیاتی سروس کی جانب سے بتایا گیا کہ زیادہ تر علاقوں میں 30 سے 60 سینٹی میٹر (دو فٹ) برف پڑنے کا امکان ہے۔
جس کے بعد زیادہ تر ریاستوں کے حکام نے عوام پر زور دیا کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
نیویارک، فلاڈیلفیا اور دیگر شہروں کے علاوہ ڈیلاویز اور میساچوسٹس میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے کیونکہ انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار موسمی صورت سے نمٹنے کی ہدایات سامنے آئی ہیں۔
یہ امریکہ کے بیشتر حصوں میں ایک کے بعد آنے والا دوسرا طوفان ہے تاہم اگلے کے حوالے سے صورتحال زیادہ واضح نہیں ہے۔
ڈیلیوری سروس نے رات کے وقت سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے پی)
ویدر سروس سے تعلق رکھنے والے ماہر موسمیات فرینک پریرا نے اتوار کو کہا تھا کہ ’یہاں صورت میں ڈرامائی تبدیلی آنے کی توقع ہے۔ طوفان مسلسل شدید ہو رہا ہے جس سے لگ رہا ہے کہ صورت حال تیزی سے خراب ہو گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ طوفان ممکنہ طور پر ’بم سائیکلون‘ بن سکتا ہے جو اس وقت ہوتا ہے جب طوفان 24 گھنٹے کے دوران 24 ملی بار دباؤ سے گزرے۔‘
ان کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ ’ہم یہ توقع بھی رکھتے ہیں کہ کم سے کم اگلے 24 گھنٹے کے دوران طوفان کی شدت میں کمی آئے گی اور جب یہ سب کچھ ہو جائے گا تو صورت حال بم سائیکلون کی تعریف پر پوری اترے گی۔‘
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات بھر بہت زیادہ برفباری کا امکان ہے جو کہ دو سے پانچ سینٹی میٹر تک فی گھنٹہ ہو سکتی ہے جبکہ پیر کی دوپہر تک اس میں کمی آنے کا امکان ہے۔
نیویارک سٹی اور بوسٹن میں پیر کے روز سکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ فلاڈیلفیا میں آن لائن کلاسز ہوں گی۔
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے اس کو 2019 کے بعد ’پہلا سنو سکول ڈے‘ قرار دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے طوفان سے بڑے پیمانے پر ممکنہ تباہی سے بھی خبردار کیا ہے (فوٹو: اے پی)
ان کے مطابق ’نیویارک کے بچوں کے لیے، اگر آپ کو قبول کرتے ہیں تو یہ آپ کے لیے ایک سنجیدہ مشن ہے۔ آرام سے رہیں۔‘
اسی طرح نیویارک کے میوزیم آف ماڈرن آرٹ سے لے کر واشنگٹن ڈی سی کے آرلنگٹن نیشنل سمیٹری تک جبکہ دیگر تاریخی و ثقافتی کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ براڈوے کے اتوار کو ہونے والے شوز بھی منسوخ کیے گئے۔
نیویارک کے میوزیم آف ماڈرن آرٹ سے لے کر واشنگٹن ڈی سی میں آرلنگٹن نیشنل قبرستان تک مختلف تاریخی مقامات اور ثقافتی اداروں نے پیر کو بندش کا اعلان کیا، اتوار کی شام براڈوے شوز منسوخ کر دیے گئے۔
محکمہ موسمیات نے طوفان سے بڑے پیمانے پر ممکنہ تباہی سے بھی خبردار کیا ہے۔
بوسٹن آفس سے منسلک ماہر موسمیات برائس ولیمز کا کہنا ہے کہ برف کے ٹکڑے پر مشتمل ایسی تیز ہوائیں درختوں کی تباہی کا باعث بنتی ہیں جبکہ ان کی وجہ سے بجلی طویل بندش بھی ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق ’اسی وجہ سے ہم بہت متفکر ہیں کیونکہ تیز ہواؤں میں برف کی کافی مقدار بھی شامل ہے۔‘