امریکہ میں برفانی طوفان: ساڑھے آٹھ لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل اور ہزاروں پروازیں منسوخ
امریکہ میں برفانی طوفان: ساڑھے آٹھ لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل اور ہزاروں پروازیں منسوخ
اتوار 25 جنوری 2026 17:22
امریکہ کے مغربی علاقوں اور ٹیکساس ریاست میں برفانی طوفان کے باعث آٹھ لاکھ 50 ہزار سے زیادہ شہریوں کے گھروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے جبکہ 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اتوار کو مشرقی ریاستوں میں برف کے طوفان کے باعث معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔
موسمیات کے محکمے نے کہا ہے کہ برفباری، بارش اور انتہائی حد تک کم درجہ حرارت کے باعث اتوار کو امریکہ کے دو تہائی حصے میں بسنے والے شہری متاثر ہوئے اور یہ سلسلہ رواں ہفتے جاری رہے گا۔
طوفان کو ’تاریخی‘ قرار دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کو جنوبی کیرولائنا، ورجینیا، ٹینیسی، جارجیا، شمالی کیرولینا، میری لینڈ، آرکنساس، کینٹکی، لوزیانا، مسیسیپی، انڈیانا اور مغربی ورجینیا میں ’فیڈرل ایمرجنسی ڈیزاسٹر‘ کے اعلانات کی منظوری دی۔
صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم اس طوفان کے دوران تمام ریاستوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے، محفوظ رہیں، اور خود اپنے گھروں کو گرم رکھیں۔‘
ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے نے کہا ہے کہ 17 ریاستوں اور واشنگٹن ڈی سی نے موسمیاتی ایمرجنسی کا نفاذ کیا ہے۔
ڈی ایچ ایس کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے سنیچر کو نیوز کانفرنس میں امریکیوں کو خبردار کیا کہ وہ احتیاط کریں۔ ’یہ حد درجہ ٹھنڈا موسم ہے، لہذا ہم ہر ایک سے کہیں گے کہ وہ ایندھن کا ذخیرہ کریں، خوراک ذخیرہ کریں، اور ہم مل کر اس سے وقت کو گزاریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس یوٹیلیٹی عملہ ہے جو اس کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔‘
طوفان کے باعث بجلی سے محروم ہونے والے شہریوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے اور اتوار کی صبح تک چھ لاکھ سے زیادہ امریکی صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی تھی۔
مسیسیپی، ٹیکساس اور ٹینیسی میں ایک، ایک لاکھ سے زیادہ صارفین کی بجلی معطل ہے جبکہ دیگر متاثرہ ریاستوں میں لوزیانا اور نیو میکسیکو شامل ہیں۔
محکمہ توانائی نے سنیچر کو ایک ہنگامی حکم نامہ جاری کیا جس کے تحت ٹیکساس کی الیکٹرک ریلائیبلٹی کونسل کو ڈیٹا سینٹرز اور دیگر اہم سہولیات پر ’بیک اَپ جنریشن‘ وسائل لگانے کا اختیار دیا گیا ہے جس کا مقصد ریاست میں بلیک آؤٹ کو محدود کرنا ہے۔
امریکہ کے الیکٹرک گرڈ آپریٹرز نے سنیچر کو بلیک آؤٹ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر میں اضافہ کیا۔ فوٹو: روئٹرز
ایئرلائنز، گرڈ آپریٹرز بھی صورتحال میں تیار
بڑی امریکی ایئرلائنز نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پرواز میں اچانک تبدیلی اور منسوخی کے لیے تیار رہیں۔
ڈیلٹا ایئرلائنز نے سنیچر کو اپنا نیا شیڈول جاری کیا جس میں اٹلانٹا اور مشرقی ساحل کے ساتھ ساتھ بوسٹن اور نیو یارک سٹی کے لیے صبح کی پروازوں کی منسوخی شامل تھی۔
ایئر لائن نے کہا کہ یہ کئی جنوبی ہوائی اڈوں پر ’ڈی آئیسنگ‘ اور بیگیج ٹیموں کی مدد کے لیے سرد موسم والے مراکز سے ماہرین کو منتقل کرے گا۔
جیٹ بلیو نے کہا ہے کہ اُس نے پیر تک اپنی ایک ہزار پروازوں کو منسوخ کر دیا ہے۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز کے مطابق جن علاقوں میں انتہائی خراب موسم کی پیش گوئی ہے وہاں وہ فوری طور پر پروازیں منسوخ کر رہی ہے۔
امریکہ کے الیکٹرک گرڈ آپریٹرز نے سنیچر کو بلیک آؤٹ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر میں اضافہ کیا۔
ڈومینین انرجی نے کہا کہ برفباری کی پیش گوئی ہے اور یہ موسم کمپنی پر اثرانداز ہونے والا سب سے بڑا واقعہ ہوگا۔ ڈومینین انرجی کمپنی ریاست ورجینیا میں دُنیا کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرتی ہے۔