Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کی متعدد ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث کم از کم 11 افراد ہلاک

ریاست ٹیکساس میں حکام نے تین اموات کی تصدیق کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کی متعدد ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ پیر کو بھی حکام نے شہریوں کو سڑکوں پر نکلنے سے خبردار کیا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اختتام ہفتہ ہزاروں کی تعداد میں پروازیں منسوخ کی گئیں اور لاکھوں شہری بجلی سے محروم رہے۔
برفانی طوفان اور یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بارش نے ٹیکساس سے لے کر نیو انگلینڈ تک کئی ریاستوں میں درجہ حرارت کو نقطہ انجماد سے خطرناک حد تک نیچے رکھا ہوا ہے۔
نیو یارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ ہفتے کے دوران پانچ افراد کو گھروں کے باہر مردہ پایا گیا۔ انہوں نے رپورٹرز کو بتایا کہ ’اس سردی کے خطرناک ہونے کے بارے میں بتانے کے لیے اس سے زیادہ اور کیا بات ہو سکتی ہے۔‘
ریاست ٹیکساس میں حکام نے تین اموات کی تصدیق کی ہے جن میں ایک سولہ برس کی لڑکی بھی شامل ہے جو برف پر پھسلنے والے کھیل کے دوران ہلاک ہوئی۔
جنوبی ریاست لوزیانا کے محکمہ صحت نے بتایا کہ دو افراد سردی میں ٹھٹھرنے کے باعث ہلاک ہوئے۔
جنوب مشرقی ریاست آئیووا میں سرد موسم کے باعث ہونے والے گاڑیوں کے تصادم کے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق پیر تک آٹھ لاکھ 20 ہزار سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہیں جن میں سے زیادہ تر امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں ہیں جہاں سنیچر کو طوفان کی شدت زیادہ تھی۔
ریاست ٹینیسی میں برفانی طوفان کے باعث لائنیں گرنے سے 250,000 سے زیادہ رہائشی اور تجارتی صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ ریاست لوزیانا اور مسیسیپی میں پیر تک ایک، ایک لاکھ صارفین کے گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل تھی۔
بجلی کی یہ بندش خاص طور پر اس وجہ سے بھی خطرناک ہے کیونکہ جنوبی ریاستوں کو شدید سردی نے گھیر رکھا ہے جس کے بارے میں نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ نیا ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔

 

شیئر: