العلا میں ’الشنہ‘ اور ’المجلد‘ کھجوروں کو محفوظ کرنے کے روایتی طریقے جو آج بھی زیراستعمال ہیں
’المجلد‘ کو کھجور کے درخت کے بڑے پتوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
کھجوروں کو ہفتوں سے مہینوں تک محفوظ رکھنے کے روایتی طریقے ’الشنہ‘ اور ’المجلد‘ العلا میں آج بھی زیرِ استعمال ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ایک سے دوسری نسل کو منتقل ہوتے ہوئے یہ دونوں طریقے العلا گورنریٹ میں کھجوروں کی کاشت کے سیزن میں زرعی سرگرمیوں اور پکوانوں کا ایک لازمی حصہ تصور کیے جاتے ہیں۔

’الشنہ‘ کو جانوروں کی کھال سے تیار کیا جاتا ہے اور کھجوروں کو دھونے کے بعد ’الشنہ‘ میں طویل عرصے کے لیے ’سٹور‘ کر دیا جاتا ہے جس میں نہ صرف کھجوریں محفوظ رہتی ہیں بلکہ ان کے ذائقے میں کوئی کمی نہیں آتی اور ان کی تازگی بھی برقرار رہتی ہے۔
’المجلد‘ کو کھجور کے درخت کے بڑے پتوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ جب کھجوروں کو’المجلد‘ میں محفوظ کر دیا جاتا ہے تو وہ ماحولیاتی اثر سے بچی رہتی ہیں۔

اس طریقے میں ایک اور آسانی یوں پیدا ہوتی ہے کہ کھجوروں کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔
کھجوروں کو روایتی اور قدیم انداز سے محفوظ رکھنے کے طریقے، العلا کے بیش قیمت زرعی ورثے اور کیونیٹی کے کھجور اور اس کے درختوں کے ساتھ قریبی رشتے کو بخوبی ظاہر کرتے ہیں۔

ان روایتوں کو آج کل کے جدید دور میں غذاؤں کو محفوظ بنانے کے نِت نئے طریقوں کے ساتھ ساتھ مستقل طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
اس سے نہ صرف روایتی ہنر نئی نسل تک منتقل ہوتا جاتا ہے بلکہ اس ثقافتی میراث کے تسلسل میں پائیداری کو یقینی بناتا ہے۔
