سعودی کابینہ: پاکستان کے ساتھ صحت، سائنسی تعاون اور ریسرچ کے شعبے میں معاہدے کی منظوری
کابینہ کا اجلاس شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہوا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ وزارت داخلہ کو سائنسی، تربیتی اور ریسرچ کے شعبے میں تعاون کے فروغ اور وزارت صحت کے شعبے میں مفاہمتی یاد داشتوں پر مذاکرات اور دستخط کی منظوری دی ہے
ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہوا ہے۔
پاکستان کے ساتھ سائنسی، تربیتی اور ریسرچ کے شعبے تعاون کے فروغ کے لیے وزیر داخلہ کو مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات اور دستخط کرنے کا اختیار تفویض کیا گیا۔
سعودی وزیر صحت کو پاکستان اور ہالینڈ کے ساتھ صحت کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے آغاز میں ولی عہد نے مصری صدرعبدالفتاح السیسی کے ساتھ ملاقات کے نتائج سے آگاہ کیا جس میں دونوں ملکوں کے مابین تاریخی اور مضبوط تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں عرب اور اسلامی ممالک سے متعلق متعدد امور، مشرق وسطی کی تازہ صورتحال اور خطے کے امن و استحکام کے معاملات پر جاری کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ولی عہد نے کابینہ کو قازقستان کے صدر کی جانب سے موصول ہونے والے مکتوب کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے ایس پی اے کو بتایا ’ کابینہ نے خطے اور دنیا کی مجموعی صورتحال اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ مختلف امور پر سعودی عرب کے مستقل موقف کا اعادہ کیا۔‘
اراکین کابینہ نے مختلف برادر اور دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ کمیٹیوں کی سرگرمیوں اور باہمی تعاون کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیتے ہوئےکثہیر الجہتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

اجلاس کے ایجنڈے میں شامل مختلف امور بھی زیر بحث آئے جنمیں شوری کونسل کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کے نکات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کرنے کی منظوری دی گئی جن میں جمہوریہ کرغستان، پاکستان، آرمینا اور دیگر ممالک شامل تھے۔
