Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس، غزہ میں ’بورڈ آف پیس‘ انیشیٹیو کی سپورٹ کا اعادہ

سعودی کابینہ نے خطے میں سلامتی اور استحکام کے حوالے سے کوششوں، حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔
غزہ پٹی میں امن کی  مکمل بحالی کے لیے ’بورڈ آف پیس‘ انیشٹیو کی سپورٹ کا اعادہ کیا اور اسے ایک عبوری طریقہ کار قرار دیا جس  کا مقصد غزہ کی پٹی سے تنازعات کے خاتمے اور تعمیر نو میں سہولت فراہم کرنا ہے، جس سے خطے کے ممالک اورعوام کے لیے سلامتی و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہوا ہے۔
 اجلاس کے آغاز میں ولی عہد نے ارکین کابینہ کو شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ کی جانب سے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے موصول ہونے والے پیغام سے آگاہ کیا۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے  بتایا  اجلاس نے ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں مملکت کے وفد کی شرکت کو سراہا جس نے مملکت کے وژن 2030 کے مقاصد کو اس پلیٹ فارم پر اجاگرکیا۔
اجلاس نے مملکت کی جانب سے 22 اور 23 اپریل کو ورلڈ اکنامک فورم کے بین الاقوامی اجلاس کی میزبانی کے فیصلے کی بھی تعریف کی۔

اجلاس نے ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی گلوبل لیبرمارکیٹ کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن کے انعقاد کا خیرمقدم کیا۔ افرادی قوت کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں مختلف ممالک سے اعلی سطح کے وفود اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
 کابینہ کے اراکین نےکنگ سلمان ریلیف سینٹر کے منصوبے برائے سال 2026 کے افتتاح کا خیرمقدم کیا، جس کے تحت مختلف ملکوں میں 422 امدادی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

مقامی سطح پر وزرا کونسل نے مملکت کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا،جس کا مقصد سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں سمیت وزیٹرز کو معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
 اس بات کو سراہا گیا کہ 700 سے زیادہ عالمی کمپنیوں نے مملکت میں اپنے مرکزی دفاتر کھولے ہیں جو مملکت میں فراہم کی جانے والی خدمات کے اعلی معیار کی واضح دلیل ہے۔
اراکین نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور الجوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیع منصوبے کا بھی خیر مقدم کیا، اور اسےمملکت کے وژن 2030 کے اہداف کا حصہ قرار دیا۔

اجلاس کے آخر میں مختلف ممالک کے ساتھ  باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر مختلف ورزاتوں کو دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے مقامی سطح پر مختلف اعلی عہدیداروں کی ترقی اور تعیناتی کے حوالے سے بھی احکامات کی منظوری دی۔

 

شیئر: