خمِیس مشیط کے رمضان بازار میں ’مقامی دستکاری اور گھریلو صنعتوں کا فروغ‘
جمعرات 26 فروری 2026 0:51
عسیر ریجن کی خمیس مشیط کمشنری میں ہربرس رمضان نائٹس کی ثقافتی، سماجی اور تفریحی سرگرمیاں لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق علاقائی روایات پر عمل کرتے ہوئے ثقافتی پروگراموں کے ساتھ رمضان کے روایتی ورثے اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے آگاہی پروگراموں کے علاوہ معلوماتی مقابلوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

یہ سرگرمیاں نسلِ نو کا کمیونٹی کلچر سے تعلق مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے ماضی سے بھی جوڑتی ہیں۔
یہاں آنے والے وزیٹرز نے ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’انتظامیہ کی جانب سے رمضان پروگرام کو ہر برس نہ صرف بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ علاقے کی اصل اور قدیم شناخت کو بھی نمایاں کیا جا رہا ہے۔‘

اجتماعی افطار کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے جو علاقے کے لوگوں کی مہمان نوازی اور معاشرتی اقدار کی علامت ہے۔
رمضان بازار میں علاقے کی دستکاری اور مختلف گھریلو صنعتوں کو متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے ان خاندانوں کو معاشی فوائد حاصل ہوتے ہیں جو گھریلو دستکاری کی صنعت سے منسلک ہیں۔
