افغانستان کے دھمکی آمیز بیانات مسترد، ہماری فورسز عوام کے تحفظ کے لیے چوکس ہیں: ترجمان دفترِ خارجہ
جمعرات 26 فروری 2026 12:42
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، افغانستان کے معاملے پر امیرِ قطر کے کسی کردار کا خیرمقدم کرے گا‘ (فائل فوٹو: دفترِ خارجہ)
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’افغانستان سے آنے والی دھمکیاں نہایت مایوس کن ہیں اور ہم وہاں سے اُبھرنے والے خطرات سے واقف ہیں۔‘
’ہم افغانستان کے دھمکی آمیز بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، ہماری فورسز اپنے عوام کے تحفظ کے لیے چوکس ہیں۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ’پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا سختی سے جواب دے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ’ہم افغان عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، ہم افغان سرزمین پر دہشت گردوں کو میسر آزادی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔‘
طاہر حسین اندرانی نے کہا نے کہا کہ ’افغانستان اپنی سرزمین دہشت گردوں کے ہاتھوں دیگر ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر دُرست حملے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے۔‘
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، افغانستان کے معاملے پر امیرِ قطر کی جانب سے کسی کردار کا خیرمقدم کرے گا۔‘
افغانستان میں موجود پاکستانی سفارتی عملے کی سکیورٹی کے معاملے پر دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’طالبان وہاں موجود تمام پاکستانی سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کریں۔‘
’کابل میں پاکستانی سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کرنا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان میں افغان سفارت کاروں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، ہم اسے یقینی بنا رہے ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرانی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کسی قسم کے سٹرکچرڈ مذاکرات سے واقف نہیں ہیں۔‘
