طالبان رجیم کے 133 اہلکار ہلاک، 27 پوسٹیں تباہ اور 9 پر قبضہ: پاکستانی وزیر اطلاعات
جمعرات 26 فروری 2026 22:49
بیان میں کہا گیا بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور و مؤثر جواب دیا جاتا رہے گا ( فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ’ پاکستانی فوج کی جوابی کاروائی میں افغان طالبان رجیم کے 133 کارندے ہلاک اور 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔‘
جمعے کوعلی الصباح ایکس پر جاری بیان میں وزیراطلاعات نے 'آپریشن غضب للحق' کے حوالے سے تازہ ترین تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ پاکستان نے کابل، پکتیا اور قندھار میں طالبان کے دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا۔
خیال رہے افغان طالبان حکومت کی جانب سے سرحد کے ساتھ پاکستان کی فوجی چوکیوں پرحملے کے جواب میں پاکستانی فوج کی کاروائی کو 'آپریشن غضب للحق' کا نام دیا گیا ہے۔
افغان طالبان رجیم کے دو کور ہیڈکوارٹرز، تین بریگیڈ ہیڈکوارٹرز، دو ایمونیشن ڈپو، ایک لاجسٹک بیس، تین بٹالین ہیڈکوارٹرز، دو سیکٹر ہیڈکوارٹرز اور 80 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز تباہ کردی گئیں۔
وزیراطلاعات نے مزید لکھا کہ ’مزید جوابی کارروائیاں جاری ہیں اور ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔‘
قبل ازیں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ’ وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے دو جوان جان سے گئے جبکہ تین جوان زخمی ہیں۔‘
ایکس اکاونٹ پر پاکستان اور افغان سرحد کی صورتحال پر بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ ’افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان افغانستان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کی کاروائیوں کا بھرپور و مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور دیا جاتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا’ افغان طالبان رجیم اور انڈین سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جھوٹا و بے بنیاد پرپیگینڈا کیا جارہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔‘
’خوش فہمیوں پر مبنی ایسی تمام افواہیں خفت مٹانے کےلیے پھیلائی جارہی ہیں۔ عملی میدان میں شکست فاش کے بعد افغان طالبان رجیم جھوٹ اور پراپیگینڈے کا سہارا لے رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا ’افغان طالبان رجیم کو ہر گز جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔‘
عطا اللہ تارڑ نے کہا’ پاکستان نے گزشتہ دنوں خطے بالخصوص پاکستان میں معصوم لوگوں کو شہید کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی کی ہے۔‘
افغان طالبان رجیم کی فتنہ الخوارج کے دفاع میں پاکستان کے سرحدی علاقوں میں فائرنگ نے افغان طالبان رجیم کی دہشت گردوں کی پشت پناہی کو پوری دنیا کے سامنے ایک مرتبہ پھر سے بے نقاب کر دیا۔
پاکستانی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا’ افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہیئے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے رہے گے۔‘
