حملوں میں شدت نہ لائیں، ورنہ امریکہ شدّت سے کارروائی کرے گا: صدر ٹرمپ کی ایران کو تنبیہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے حملوں کو نہ بڑھائے ورنہ امریکہ اس شدّت سے جوابی کارروائی کرے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب ایران نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد حملوں کی دھمکی دی۔
امریکی صدر نے اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’ایران نے ابھی کہا کہ وہ آج بہت شدید حملے کرے گا، جو انہوں نے پہلے کیے ان سے زیادہ سخت۔‘
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ان کے لیے بہتر ہے کہ ایسا نہ کریں کیونکہ اگر وہ ایسا کریں گے تو ہم ان پر اس شدّت سے حملہ کریں گے جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔‘
ایران کے پارلیمنٹ کے سپیکر نے اتوار کے روز امریکہ اور اسرائیل کے رہنماؤں کو ’غلیظ مجرم‘ کہا جو اسلامی جمہوریہ پر حملے کرنے پر ’تباہ کن حملوں‘ کا نشانہ بنیں گے۔
محمد باقر قالیباف نے یہ بات ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ محمد باقر قالیباف سب سے اعلیٰ عہدیدار ہیں جو حملوں کے آغاز کے بعد کیمرے پر سامنے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آپ نے ہماری سُرخ لکیر عبور کر دی ہے اور اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔ ہم ایسے تباہ کن حملے کریں گے کہ آپ خود منت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔‘
