ایران خامنہ ای کی موت سمیت تمام ممکنہ حالات کے لیے تیار تھا: پارلیمنٹ سپیکر
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران آئندہ کے لائحہ عمل سمیت تمام ممکنہ حالات کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اتوار کو سرکاری ٹی وی پر نشر کردہ ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف کے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم نے ان لمحات کے لیے خود کو تیار کر رکھا تھا اور تمام ممکنہ حالات پر غور کیا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ہماری سُرخ لکیر عبور کی ہے اور انہیں اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔‘
پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ اور اسرائیل کے رہنماؤں کو ’غلیظ مجرم‘ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسے تباہ کن حملے کریں گے کہ آپ خود ہی گُھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جاؤ گے۔‘
محمد باقر قالیباف سب سے اعلیٰ عہدیدار ہیں جو حملوں کے آغاز کے بعد کیمرے کے سامنے آئے۔
