سعودی عرب: راس تنورا ریفائنری میں محدود آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا
سعودی عرب کی راس تنورا آئل ریفائنری پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ توانائی کے ایک سرکاری سورس نے بتایا کہ پیر کی صبح سات بج کر چار منٹ پر راس تنورا آئل ریفائنری کے قریب دو ڈرونز کو روکے جانے کے نتیجے میں ان کا ملبہ گرنے سے محدود نوعیت کا نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق اس کے نتیجے میں محدود آگ لگ گئی جس پر ایمرجنسی امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا اور اس کے نتیجے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی جانی نقصان ہوا ہے۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر ریفائنری کے چند آپریشنل یونٹس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، تاہم اس کا اثر پیٹرولیم مصنوعات کی مقامی منڈیوں کو فراہمی پر نہیں ہو گا۔
