’سرخ گوشت کی پیداوار‘ مملکت میں لائیو سٹاک کا شعبہ فوڈ سکیورٹی کے لیے اہم
مملکت میں (سُرخ) گوشت کی پیداوار 293000 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں لائیو سٹاک کے بارے میں سمجھتا جاتا ہے کہ یہ شعبہ مقامی مارکیٹوں کو سہارا دینے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
دیگر شعبوں کے علاوہ لائیو سٹاک کے شعبے کی وجہ سے مملکت میں غذائی تحفظ کے حصول میں بھی مدد ملتی ہے جس سے خاص طور پر رمضان کے مبارک مہینے میں (سُرخ) گوشت کا استعمال بڑھ جاتا ہے کیونکہ مرغ یا مچھلی کے گوشت کی نسبت اِس میں زیادہ غذائیت پائی جاتی ہے۔
وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت نے ایک مُہم کا آغاز بھی کیا ہے جس میں لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ مقامی پروڈکٹس کو خریدیں تا کہ اُن کی پیداوار کے شعبے کو سہارا ملے۔
وزارت کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ رمضان میں وہ مقامی پیداوار کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
اسی مُہم کے دوران یہ معلومات بھی دی گئی ہیں کہ مملکت میں (سُرخ) گوشت کی پیداوار 293000 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔
لوگ سحر و افطار میں (سُرخ) گوشت کی مختلف ورائٹیوں اور اس کی معیاری کوالٹی کی وجہ سے اِسے اپنے دسترخوانوں کی زینت بناتے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ لائیو سٹاک کے شعبے کی تعمیر و ترقی اور اِسے سپورٹ دینے سے (سُرخ) گوشت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے درمیان ایک توازن قائم ہو جاتا ہے۔

اِس کی وجہ یہ ہے کہ جانوروں کی افزائشِ نسل اور پیداور کے لیے اعلٰی ترین طریقِ عمل اختیار کیا جاتا ہے، سپلائی چین کی کارکردگی بہتر ہو جاتی ہے اور جانوروں کے علاج اور احتیاط کی خدمات میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔
لائیو سٹاک کے شعبے کو سہارا دینے سے مقامی پیداوار کا نظام مؤثر انداز میں کام کرتا ہے اور اِس کی کارکردگی میں بھی بہتری آ جاتی ہے جو یہ یقینی بناتی ہے کہ محفوظ اور اعلیٰ معیار کی غذائی پروڈکٹس، مارکیٹ میں بغیر کسی تعطل کے دستیاب رہیں۔ اِن اقدامات سے، مملکت میں جانوروں اور مویشیوں کی افزائش کے شعبے کی مدد بھی ہو جاتی ہے۔

وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت کے مطابق اُس کی شروع کردہ مُہم کا مقصد، مقامی پیداور کے استعمال کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کو بڑھانا اور کاشتکاروں اور پروڈیوسرز کو تعاون فراہم کرنا ہے۔
اِس سے نہ صرف غذائی اشیا کا معیار بہتر ہوتا ہے بلکہ خود کفالت کی شرح بڑھ جاتی ہے جو ’سعودی وژن 2030‘ کے دیرپا ترقی اور قومی معیشت کو بہتر بنانے کے مقاصد کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔
