Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پروگرام جو چھوٹے لائیو سٹاک فارمرز کو بااختیار بناتا ہے

سعودی سمارٹ فلاک سسٹم پر پہلی مرتبہ عمل درآمد کیا جا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پروگرام ریف السعودیہ نے مویشی پالنے والے چھوٹے فارمرز میں پیداوار بڑھانے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے مملکت بھر میں انھیں تعاون فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریف السعودیہ نے مویشیوں کے فارمز میں گزشتہ برس کی جانے والی ڈیجیٹل مینیجمنٹ کی کوششوں کا جائزہ لیا جن میں سعودی سمارٹ فلاک سسٹم پر پہلی مرتبہ عمل درآمد  شامل ہے۔
 ریف السعودیہ کے ترجمان ماجد البریکان نے بتایا کہ’ سعودی سمارٹ فلاک سسٹم ایسا ڈیجیٹل نظام ہے جو سمارٹ ٹیکنالوجی کو استعمال کرتا ہے جس میں چہرے کے خد و خال کے ذریعے شناخت کا عمل  شامل ہے۔‘
ان کے مطابق ’اس طریقے سے روایتی اور لائیوسٹاک فارمز دونوں ہی کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جس کا اطلاق جگالی کرنے والے جانوروں پر کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی آزمائش چھ چھوٹے فارمز پر کی جا چکی ہے۔‘
ماجد البریکان کا کہنا تھا کہ یہ نظام جانوروں کی شناخت ان کے چہرے کی مدد سے کرتا ہے، ان میں پیداواری صلاحیت کی نگرانی بھی کرتا ہے، جانوروں کی صحت کے بارے میں اپ ڈیٹس بھی دیتا ہے اور اپنے پلیٹ فارم سے جانوروں کے ریکارڈ کا بھی حساب رکھتا ہے۔
اس طریقے سے نقصانات میں کمی واقع ہوتی ہے، کوالٹی بہتر ہوتی ہے اور درست ڈیٹا کی مدد سے فیصلہ سازی میں تعاون ملتا ہے۔
چھوٹے پیمانے پر لائیو سٹاک کا شعبہ ریف السعودیہ کے لیے کلیدی توجہ کا مرکز رہا ہے جس کا مقصد پیداوار اور کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ، ذریعۂ معاش کو بہتر بنانا اور غدائی تحفظ کے لیے روایتی پیداواری نظاموں کی ترقی شامل ہے۔

 

شیئر: