Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فریزر ٹھیک کروانا ہے‘، لاہور میں گینگ نے 70 سال کے شخص کو کیسے ہنی ٹریپ کیا؟

ایس پی کے مطابق ’ملزمان نے شہری کو بلیک میل کر کے 7 لاکھ روپے وصول بھی کرلیے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک بار پھر ہنی ٹریپ کا دِل دہلا دینے والا ایک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک 70 سال کے بزرگ شہری کو فریزر ٹھیک کروانے کے بہانے گھر بلایا گیا۔
بعدازاں بزرگ کی زبردستی نازیبا ویڈیو بنائی گئی اور اسے بلیک میل کرکے 7 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ ملزمان نے نہ صرف رقم ہتھیائی بلکہ مزید مطالبات بھی جاری رکھے جن میں نئی گاڑی اور رکشے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ 
بلیک میلنگ کی شدت سے تنگ آکر متاثرہ بزرگ نے خُودکشی کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ 
پولیس نے ملزمان سے نازیبا ویڈیوز، موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کر لی ہے جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ 
یہ واقعہ لاہور کے علاقے مِصری شاہ میں پیش آیا جہاں ملزمان نے 70 سال کے ایک بزرگ شہری کو پھنسانے کا ایک منظم منصوبہ بنایا تھا۔
ماں، بیٹی اور سوتیلے باپ پر مشتمل اس تین رکنی گینگ نے بزرگ کو فریزر ٹھیک کروانے کے بہانے اپنے گھر بلایا۔ بزرگ شہری ملزمان کے گھر پہنچے تو وہاں اُن کے خلاف پہلے سے ہی ایک جال بچھا دیا گیا تھا۔ 
ملزمان نے بزرگ کو بہانے سے پھنسایا اور اُن کی خفیہ ویڈیو بھی بنا لی۔ یہ ویڈیو بعد میں ملزمان کی بلیک میلنگ کا ہتھیار بن گئی۔ 
پولیس کے مطابق ملزمان نے موقعے پر ہی شہری سے 70 ہزار روپے چھین لیے جبکہ نازیبا ویڈیو کی بنیاد پر مزید 7 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ 
بزرگ شہری نے خوف اور شرمندگی کے باعث یہ رقم ادا کر دی لیکن ملزمان کا لالچ ختم نہ ہوا۔ انہوں نے نہ صرف مزید رقم کا مطالبہ جاری رکھا بلکہ ایک نئی گاڑی اور رکشہ بھی مانگنا شروع کر دیا۔ بلیک میلنگ کا یہ سلسلہ قریباً چار ماہ تک جاری رہا۔ 
اس دوران وہ شہری مسلسل دباؤ میں رہے، اُن کی ذہنی اور جسمانی صحت بھی متاثر ہوئی اور آخر کار تنگ آکر انہوں نے خُودکشی کی کوشش کی۔ یہاں تک کہ جب اُن کی حالت بگڑی تو انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔

بزرگ شہری کی درخواست پر پولیس نے مرکزی ملزم اور دو خواتین کو گرفتار کرلیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پولیس نے بزرگ شہری کی شکایت پر فوری ایکشن لیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بلال احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ملزمان نے متاثرہ بزرگ کو فریزر ٹھیک کروانے کے بہانے گھر بلایا اور پھر نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کیا۔‘
’انہوں نے بلیک میل کر کے 7 لاکھ روپے وصول کیے تھے اور مزید مطالبات بھی جاری رکھے، پولیس نے ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس میں تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔‘
 ملزمان کی شناخت عمران (سوتیلا باپ)، ناصرہ بی بی (ماں) اور سحر (بیٹی) کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اُن کے گھر سے نازیبا ویڈیوز، موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیا برآمد کر کے ضبط کر لی ہیں جو اب مقدمے میں کلیدی ثبوت ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا گینگ منظم تھا اور یہ دیکھا جا رہا ہے کہ کیا یہ دیگر شہریوں کے ساتھ بھی ایسے جرائم میں ملوث تھے۔ مقدمہ مصری شاہ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ 
ایس پی بلال احمد نے بتایا کہ ’ہم شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ بلیک میلنگ یا ہراسیت کے کسی بھی کیس کی فوری اطلاع دیں تاکہ وقت پر کارروائی کی جا سکے۔‘

 پولیس نے ملزمان کے گھر سے نازیبا ویڈیوز، موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیا برآمد کر لی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کے مطابق ‘ابھی اس بات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا اس گروہ میں اور افراد بھی ملوث ہیں یا یہ صرف تین ہی ہیں۔‘
یہ واقعہ لاہور میں ہنی ٹریپ جرائم کے حالیہ واقعات میں ایک بڑا واقعہ ہے جس میں متاثر شخص چار ماہ تک گینگ کے چُنگل میں پھنسا رہا۔ 
حالیہ برسوں میں ایسے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں خواتین یا خاندانی گروہ مَردوں کو پھنسانے کے لیے سوشل میڈیا، گھریلو خدمات یا دیگر بہانوں کا استعمال کرتے ہیں۔ 
پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور میں ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ کے کیسز میں نوجوانوں سے لے کر بزرگ شہریوں تک ہر عمر کے افراد شکار بن رہے ہیں۔ 
ماہرین کا کہنا ہے کہ شرمندگی اور خوف کی وجہ سے اکثر متاثرین خاموش رہتے ہیں جس سے ملزمان کو حوصلہ ملتا ہے۔ گذشتہ سال ٹی وی ڈراموں کے معروف مصنف خلیل الرحمان قمر بھی ہنی ٹریپ گینگ کا نشانہ بنے تھے۔

شیئر: