سعودی وزیر داخلہ نے ریاض میں یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سینٹر ’911‘ کا دورہ کیا
جدید فیلڈ مانیٹرنگ اور ڈیٹا اینالائسز سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے جمعے کو ریاض میں یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سینٹر ’911‘ کا دورہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق وزیر داخلہ نے سینٹر کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور وہاں تعنیات اہلکاروں کو عید کی مبارکباد دی۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کو سینٹر کے جدید فیلڈ مانیٹرنگ اور ڈیٹا اینالائسز سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

یاد رہے ’دا یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سینٹر911‘ سکیورٹی آپریشن کے قومی مرکز کا ایک ڈویژن ہے جو وزارتِ داخلہ کے تحت کام کرتا ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کا جواب دینے کے لیے ایک مربوط کوشش کی ذمہ داری اسی نظام پر ہے۔

اس سینٹر میں صرف ردِ عمل کے طور پر ہی کام نہیں ہوتا بلکہ یہاں موجود افراد خود سے روزانہ ہونے والے واقعات کی نگرانی کر رہے ہوتے ہیں اور اہم تنصیبات یا سفارتی مشنز کی حفاظت کے لیے الرٹ جاری کر دیتے ہیں۔ یہ افراد قومی ایونٹس کے لیے کسی کے کہنے سے قبل ہی سکیورٹی پلان بھی خود مرتب کرتے ہیں۔
