ریاض میں خود کار گاڑیوں کے نئے روٹ کا آغاز
خود کار گاڑی کا نیا روٹ حیاۃ مال سے ریاض گیلری کے لیے ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے ریاض میں خود کار گاڑیوں کے لیے محدود مسافت کے ایک نئے روٹ کا آغاز کیا ہے، یہ روٹ حیاۃ مال سے ریاض گیلری کے لیے ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے سمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے ابتدائی تجرباتی مرحلے کی کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام مملکت میں کئی مقامات پر سروس کے آپریشن کو وسعت دینے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سمارٹ سلوشنز کو اختیار کرنے کے حوالے سے اتھارٹی کے منصوبوں کا حصہ ہے۔
اتھارٹی نے کہا ’خود کار ٹرانسپورٹ سروس روزانہ براہ راست ریگولیٹری اور تیکنیکی نگرانی میں چلیں گی، جو مسافروں کو محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ کا تجربہ فراہم کریں گی۔‘
خود کار گاڑیوں میں انتہائی حساس کیمرے اور سینسرز نصب ہیں، سیفٹی سسٹم اور ڈرائیونگ کی کارکردگی کو سپورٹ کرنے کے لیے کنٹرول ٹیکنالوجی فراہم کی گئی ہے، جو غلطیوں کے امکانات کو بہت کم کر دیتی ہے۔

وا ضح رہے ابتدائی تجرباتی مرحلے میں خود کار گاڑیوں نے 30 ہزار کلو میٹر مسافت کے 1700 ٹرپس مکمل کیے، 3 ہزار مسافروں کو یہ سروس فراہم کی گئی۔
ابتدائی تجربے کی کامیابی کے بعد خود کار گاڑیوں کےلیے پہلے روٹ کا آغاز کیا گیا ہے، اسے مرحلہ وارمملکت کے دیگر ریجنز اور علاقوں تک پھیلایا جائے گا۔
