Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن 2026: سعودی وزارت نے خصوصی آپریشن روم قائم کردیا

اس اقدام کا مقصد زائرین کے آرام اور ان کی سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر اداروں کے تعاون سے  بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو خدمات کی فراہمی اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی آپریشن روم قائم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد مناسک حج کے دوران زائرین کے آرام اور ان کی سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔
 وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مدینہ منورہ کے کنگ سلمان انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں عمرہ و وزٹ فورم سے خطاب میں خطے کی بدلتی صورتحال کے مطابق وزارت اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کو اجاگر کیا۔
  رواں برس عمرہ سیزن کے حوالے سے انہوں نے بتایا’ اس سال بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی تعداد 18 ملین رہی، جو سال 2022 اور 2025 کے مقابلے میں 214 فیصد  اضافہ ہے۔‘
ڈاکٹرتوفیق الربیعہ کا کہنا تھا’ سال 2025 میں عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے سروے میں اطمینان کا تناسب 94 فیصد رہا۔‘
’ریاض الجنہ میں زائرین کی تعداد 15.6 ملین رہی۔ تاریخی اور ثقافتی مقامات کی 87 ہو گئی، جہاں زائرین کی بڑی تعداد کی آمد ریکارڈ کی گئی۔‘

سعودی وزیر حج  نے مزید کہا’ عمرہ و وزٹ فورم کا تیسرا ایڈیشن  تجربات کے تبادلے، شراکت داری کے قیام اور مواقع کی تلاش کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔‘
فورم میں 150 سے زیادہ نمائش کنندگان اور 50 سے زائد سپانسرز اور شراکت داروں نے شرکت کی، مختلف موضوعات پر 50 سے زیادہ ورکشاپس اور خصوصی میٹننگز ہوئیں۔
اس دوران 5 ہزار سے زیادہ معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد عمرہ اور وزٹ سروسرز کو بہتر بنانا ہے۔

 

شیئر: