Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ملکوں پر ایران کے حملے جاری، قطر کے پانیوں میں آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا

قطری حکام کا کہنا ہے ایران نے بدھ کی صبح  تین کروز میزائل داغے ہیں۔( فوٹو: اے ایف پی)
خلیجی ملکوں کے خلاف ایران کے حملے جاری ہیں، بدھ کو قطر کے پانیوں میں ایرانی میزائل نے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق قطر کی وزارت دفاع نے ایکس اکاونٹ پر بیان میں کہا’ ایران نے بدھ کی صبح  قطر پر تین کروز میزائل داغے ہیں۔‘ 
قطری مسلح افواج نے دو میزائلوں کو ناکارہ بنا دیا، جبکہ تیسرا میزائل، قطر کے علاقائی پانیوں میں قطر انرجی کے ذریعے لیز پر لیے گئے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گیا۔‘
بیان میں کہا گیا’ آئل ٹینکر پرعملے کے 21 افراد سوار تھے جو محفوظ رہے۔‘
یاد رہے فروری کے آخر میں شروع ہونے والے امریکی، اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایران، گزشتہ ماہ سے خلیج میں توانائی اور انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل حملے کر رہا ہے۔
قطر انرجی نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ’ آئل ٹینکر ’ایکوا ون‘ کو بدھ کی صبح  قطر کے شمالی علاقائی پانیوں میں نشانہ بنایا گیا۔‘
’اس حملے میں عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا، اس واقعہ کا ماحول پر بھی کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔‘
قطری حکام نے بتایا ’ایرانی کروز میزائل لگنے کے بعد آئل ٹینکر کو خالی کر دیا گیا ہے۔‘
متحدہ عرب امارات فجیرہ کے علاقے الرفاع میں بدھ کو ایک فارم پر ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک بنگلہ دیشی ہلاک ہو گیا۔
 کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس سے فیول ٹینکس میں ’بڑی آگ‘ لگ گئی۔
 امارات کے فضائی دفاعی نظام نے بدھ یکم اپریل کو ایران کی جانب سے داغے گئے 5 بیلسٹک میزائل اور 35 ڈرونز کو کامیابی سے روک لیا۔
وزارت دفاع کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ’حملوں کے آغاز سے اب تک 438 بیلسٹک میزائل، 19 کروز میزائل اور 2  ہزار سے زیادہ ڈرونز حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔‘

 

شیئر: