دبئی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے چار ایشیائی زخمی، املاک کو نقصان
زخمیوں میں دو انڈین، ایک بنگلہ دیشی اور ایک سری لنکن شہری شامل ہے (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں فضائی دفاعی نظام نے ایک بیلسٹک میزائل کو راستے میں روک کر تباہ کردیا۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق جنوبی دبئی میں میزائل کو کامیابی سے انٹرسیپٹ کیا گیا، ملبہ گرنے سے املاک کو نقصان پہنچا اور چار افراد زخمی ہوئے۔
بیان میں کہا گیا’ زخمی ہونے والے چاروں افراد ایشیائی ہیں، ان میں دو انڈین، ایک بنگلہ دیشی اور ایک سری لنکن شہری شامل ہے۔‘
علاوہ ازیں امارات کے فضائی دفاعی نظام نے منگل 31 مارچ کو ایران کی جانب سے داغے گئے 8 بیلسٹک میزائل، 4 کروز میزائل اور 36 ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کیا ہے۔
وزارت دفاع کے اعداد وشمار میں بتایا گیا ’حملوں کے آغاز سے اب تک 433 بیلسٹک میزائل، 19 کروز میزائل اور ایک ہزار 977 ڈرونز حملوں کو ناکام بنا چکا ہے۔‘
’ان حملوں کے دوران دو اماراتی فوجی جبکہ مسلح افواج کے ساتھ کام کرنے والا ایک مراکشی شہری جان سے گئے، مجموعی طور پر 188 افراد زخمی ہوئے۔‘
اس کے علاوہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد بھی ہلاک ہوئے، جن میں پاکستانی، نیپالی، بنگلہ دیشی، فلسطینی اور انڈین شہری شامل ہیں۔
وزارت دفاع نے ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
