ایران کا دبئی پورٹ پر حملہ، کویت کے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی: سرکاری میڈیا
کویتی حکام کے مطابق حملے کے وقت آئل ٹینکر خام تیل سے پوری طرح بھرا ہوا تھا (فائل فوٹو: اے پی)
کویت کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ منگل کو ایک ایرانی حملے میں دبئی پورٹ پر موجود کویت کے آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جبکہ تہران خلیجی ممالک کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے کویتی نیوز ایجنسی کیونا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’کویت کے خام تیل کے ٹینکر کو اس وقت ایران کی جانب سے براہ راست اور بدنیتی پر مبنی حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ دبئی پورٹ پر لنگرانداز تھا۔‘
رپورٹ کے مطابق واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، اس کے تھوڑی دیر دبئی کے حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نیوز ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملے کے وقت ٹینکر پوری طرح بھرا ہوا تھا جس کے نتیجے میں اس کو نقصان پہنچا اور تیل کے پانی میں پھیلنے کا امکان ہے۔
کویت کے فوجی حکام نے منگل کو ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ ملک کے دفاعی نظام میزائل اور ڈرون حملوں کے ردعمل میں کارروائی کر رہے ہیں۔
پچھلے مہینے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں سے چھڑنے والی جنگ کا دائرہ پھیل چکا ہے اور تیل کی دولت سے مالامال خلیجی ممالک کو بھی ایران کے مسلسل حملوں کا سامنا ہے جس کا سلسلہ اس کی جانب سے اسرائیلی و امریکی حملوں کے جواب میں شروع کیا گیا تھا۔
تہران نے دھمکی دی ہے کہ وہ خلیج میں اہم تنصیبات اور توانائی کی سائٹس کو نشانہ بنائے گا۔