این ڈی ایم اے کا نیا الرٹ، ملک بھر میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
جمعرات 2 اپریل 2026 17:33
مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے جس کے باعث سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یہ حالیہ موسمی صورتحال ان کے اس جائزے کے عین مطابق ہے جو جنوری میں جاری کیا گیا تھا۔
مزید برآں این ڈی ایم اے نے اپریل سے جون تک کے لیے بھی ممکنہ موسمی صورتحال کا پیشگی جائزہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بارشوں اور برفباری کی صورتحال
موسمیاتی الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے بڑے شہروں بشمول مری، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں تیز بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، سوات اور مانسہرہ کے علاوہ سندھ کے ساحلی و اندرونی علاقوں بشمول کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بھی اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آسمانی بجلی، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی وجہ سے کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
حکام نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل سڑکوں کی صورتحال معلوم کریں اور سفر کے دوران احتیاط برتیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ استعمال کریں جبکہ تمام صوبائی اور ضلعی انتظامی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
