جرمن سیاح کی سائیکل اسلام آباد سے کیسے چوری ہوئی؟
جمعرات 2 اپریل 2026 13:06
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ فلپ سام کی سائیکل جلد تلاش کر کے انہیں واپس کر دی جائے گی۔ (فوٹو: فلپ سام)
جرمن سیاح فلپ سام پانچ مارچ کو خنجراب پاس سے گلگت بلتستان پہنچے جہاں سے اُنہوں نے سائیکل کے ذریعے پاکستان کی سیاحت کا آغاز کیا۔
وہ گلگت بلتستان کی حسین وادیوں سے گزرتے خیبر پختونخوا کے راستےاسلام آباد پہنچے لیکن یہاں اُن کے ساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں فیض آباد کے قریب ایک سبزہ زار میں اپنا کیمپ لگایا اور اپنی سائیکل باہر کھڑی کر دی۔
تاہم صبح جب وہ اٹھے تو ان کی وہ سائیکل جس پر انہوں نے پاکستان سمیت کئی ممالک کا سفر کیا غائب تھی۔
یوں جرمن سیاح فلپ سام کی سائیکل اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود سے چوری ہو گئی جس کی تلاش میں اب پولیس میں مصروف ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ فلپ سام کی سائیکل جلد تلاش کر کے انہیں واپس کر دی جائے گی۔ تھانہ کھنہ کے ایک متعلقہ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جرمن سیاح نے نالے کے کنارے ویران جگہ پر کیمپ لگایا اور اپنی سائیکل کھڑی کی۔
’یہاں رات کے وقت نشئی افراد آتے جاتے رہتے ہیں، اس لیے ہمیں شبہ ہے کہ وہی یہ سائیکل لے کر گئے ہیں۔ ہم اسے جلد تلاش کر لیں گے۔‘
جرمن سیاح کا کیا کہنا ہے؟
جرمن سیاح فلپ سام نے اردو نیوز کو بتایا کہ وہ پانچ مارچ کو چین سے خنجراب پاس کے راستے گلگت بلتستان پہنچ، اور وہاں سے سائیکل پر پاکستان کی سیاحت کا آغاز کیا۔
وہ غدر ویلی سے ہوئے ہوئے چترال پہنچے اور پھر شندور کے راستے لواری ٹنل سے خیبر پختونخوا میں داخل ہوئے۔
فلپ سام کے مطابق، ان کا منصوبہ تھا کہ وہ اسلام آباد آئیں، پھر لاہور کا سفر کریں اور اس کے بعد جرمنی واپس جائیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ جب وہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب، یعنی یکم اپریل کو، فیض آباد کے قریب پہنچے تو انہوں نے ایک سبزہ زار پر اپنا کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا۔
رات ایک سے دو بجے کے درمیان جب انہوں نے اپنا خیمہ لگایا تو دو بظاہر بے گھر افراد ان کے قریب آئے۔ ’اُن افراد کی ساخت دبلی پتلی تھی اور وہ کیمپ لگانے کے دوران بھی متعدد بار مداخلت کرتے رہے۔‘
فلپ سام کے مطابق جب وہ صبح اٹھے تو ان کی سائیکل غائب تھی اور انہیں شبہ ہے کہ یہی افراد اسے لے کر گئے ہیں۔
فلپ سام نے بتایا کہ سائیکل چوری ہونے پر وہ پولیس کے پاس گئے اور مدد طلب کی۔ انہوں نے اسلام آباد کے تھانہ کھنہ میں اپنی شکایت درج کرائی،’ پولیس نے ان سے بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ ان کی کھوئی ہوئی سائیکل جلد واپس مل جائے گی۔‘
فلپ نے اب اسلام آباد میں اپنا قیام بڑھا دیا ہے اور وہ اس بات کے منتظر ہیں کہ ان کی چوری شدہ سائیکل انہیں واپس ملے تاکہ وہ اپنے ادھورے سفر کو مکمل کر سکیں۔
