Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک میں بارشوں کے بعد سبزہ زار میں اضافہ، جنگلی پھولوں کی بہار

تبوک کے وسیع صحرائی میدانوں اور کھلے بیابانوں میں موسمِ بہار کی جھلک نمایاں ہونا شروع ہو گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد سبزہ زار میں اضافے اور جنگلی پھولوں کی بہار کی وجہ سے سیاح اس علاقے کا رخ کر رہے ہیں۔
ان دلکش قدرتی و سحرانگیز مناظر نے سیاحوں کے لیے موسم بہار کی سیاحت اور صحرائی مقامات میں مہم جوئی کے مواقع کھول دیے ہیں۔
علاقے میں سبزے کی کثرت اور خوبصورت مناظر سے نہ صرف سیاحت کو فروغ مل رہا ہے بلکہ مویشی بانی سے وابستہ سرگرمیاں بھی فروغ پا رہی ہیں۔
موسمِ بہار میں مختلف اقسام کے جنگلی پودے نمودار ہوتے ہیں جو دور تک پھیلے میدانی علاقوں میں رنگ بکھیر دیتے ہیں۔
سرسبز چٹانی ساختیں اور ریتلے ٹیلوں کے درمیان خوشنما مناظر سے ماحولیاتی عناصر کا حسین امتزاج اور توازن جھلکتا ہے۔
یہ علاقہ اپنی منفرد جغرافیائی ساخت کے باعث مختلف نباتات کو پھلنے پھولنے کا قدرتی موقع فراہم کرتا ہے۔

فطرت کے اس عمل سے نہ صرف قدرتی توازن قائم رہتا ہے بلکہ جنگلی حیات کو بھی تقویت ملتی ہے۔
 صحرائی ماحول کو اپنی طرز زندگی کا اہم حصہ سمجھنے والے مقامی افراد خصوصاً موسم بہار کے دنوں میں سیاحت اور فطرت سے قربت کے لیے اسے ایک مثالی مقام تصور کرتے ہیں۔

 

شیئر: