حج سیزن 2026: مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے ’نسک‘ کارڈ لازمی
عازمین حج کو آسانی سے مناسک ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ’ مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں داخلے کے لیے ’نسک‘ کارڈ لازمی ہے۔‘
یہ وہ آفیشل ڈاکومنٹ ہے جو عازمین حج کی قانونی حیثیت کی ضمانت دینے کے ساتھ انہیں آسانی سے مناسک ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔
وزارت نے ایکس اکاونٹ پر پوسٹ میں کہا کہ ’نسک‘ کارڈ مکہ مکرمہ اور مسجد الحرام میں عازمین داخلے کو منظم کرنے کے ساتھ مقامات مقدسہ کے درمیان ان کی موومنٹ کو آسان بھی بناتا ہے۔
’نسک‘ اور ’توکلنا‘ ایپلی کیشنز کے ذریعے کارڈ کا ڈیجیٹل ورژن دستیاب ہے۔ اس سے عازمین اپنے ڈیٹا تک فوری رسائی، ویریفیکیشن اور حج سے متعلقہ خدمات سے فائدہ اٹھانے میں آسانی ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’نسک‘ کارڈ کی فراہمی منظور شدہ سروس پروائیڈر کمپنیوں کے ذریعے کی جاتی ہے۔
’کارڈ موصول نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ کمپنی سے فوری رجوع کیا جائے تاکہ مناسک کے آغاز سے قبل تمام طریقہ کار بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکیں۔‘
وزارت نے بیان میں حج سیزن میں ’نسک‘ کارڈ کو مستقل ساتھ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
’نسک‘ کارڈ میں عازم حج کی تمام معلومات موجود ہیں، جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعرمقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) کے ایڈریس اور کمپنی کے بارے میں مکمل معلومات و اہم ٹیلی فون نمبر دیے گئے ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
