Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے جمعے کو وزیراعظم ہاؤس میں سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبد اللہ الجدعان نے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں اور رابطوں کا تذکرہ کیا۔
وزیراعظم نے حالیہ برسوں میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مالی و اقتصادی حمایت کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی اقتصادی اور مالی حمایت نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔ ’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں باہمی احترام کا یہ رشتہ مزید مضبوط ہوا۔‘
وزیراعظم نے زندگی کے تمام شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی میں تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر خزانہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور تاریخی تعلق کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کا حصہ ہے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر بھی موجود تھے۔

شیئر: