Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں سعودی عرب کے وزیر خزانہ سے ملاقات

وزیر خزانہ نے ملاقات کے دوران پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بات کی۔ فوٹو: وزارت خزانہ
پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں متعدد اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
اسلام آباد میں وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد عبدالله عبدالعزيز الجدعان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
واشنگٹن میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر خزانہ نے دونوں ملکوں کے مابین بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کو اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ نے سعودی ہم منصب کو قومی ایئر لائن پی آئی اے اور ہوائی اڈوں کی نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے ملاقات کے دوران پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بات کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق نجی سرمایہ کاری کے فروغ میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے اہم کردارپر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان میں انفراسٹرکچر  منصوبوں کے لیے سعودی حمایت کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ آئی ایم ایف پروگرام کے اصلاحاتی ایجنڈے پر ثابت قدمی سے کاربند رہنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
دریں اثنا وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او بینجمن بلیک سے بھی ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران امریکہ کے ساتھ سرمایہ کاری تعلقات مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کے تیل و گیس، معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور دواسازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔‘
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاقِ رائے کی موجودگی کا ذکر کیا۔
وزیر خزانہ نے ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کی جانب سے نجی شعبے کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔

 

شیئر: