سعودی وزیر خزانہ کا دورۂ پاکستان مکمل، معاشی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان کا دورہٴ پاکستان مکمل ہونے پر انہیں گزشتہ شب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے سنچر کو جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی وزیر خزانہ کے اس دورے کو تعمیری قرار دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ایئرپورٹ پر روانگی کے وقت دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں مختصر گفتگو ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے دو طرفہ تعلقات اور جاری معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقعے پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے آئندہ ’سپرنگ اجلاسوں‘ کے دوران سعودی وزیر خزانہ سے دوبارہ ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق یہ بات چیت دونوں برادر ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری اور مستقبل میں معاشی ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنے کی عکاس ہے۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خزانہ کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اپنی معیشت کی بحالی کے لیے دوست ممالک کے تعاون اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے۔
