سیاحت کا فروغ، سعودی ٹورازم اتھارٹی اور ایکسپو 2030 ریاض کے درمیان ایم او یو پر دستخط
ایم او یو کا مقصد سعودی عرب میں سیاحت کو فروغ دینا ہے (فوٹو: وزٹ سعودی)
سعودی ٹورازم اتھارٹی (ایس ٹی اے) اور ایکسپو ریاض 2030 نے سٹریٹیجک مفاہمتی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد مل کر مملکت میں سیاحت کو فروغ دینا ہے اور ایکسپو 2030 ریاض کے لیے سیاحوں کو راغب کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ ایم او یو سعودی ٹورازم اتھارٹی کے سی ای او اور بورڈ ممبر فہد حمیدالدین اور ایکسپو 2030 ریاض کمپنی کے سی ای او طلال المری کے درمیان سائن ہوا۔
ایکسپو 2030 ریاض ایک سرکاری ادارہ ہے جو ایکسپو ریاض 2030 کی پلاننگ، ڈیویلپمنٹ اور ڈیلیوری کے لیے ذمہ دار ہے۔
اس معاہدے میں کئی سیاحتی سرگرمیوں اور مصنوعات پر بات کی گئی ہے جس سے ایکسپو 2030 ریاض کے لیے سیاح کھینچے چلے آئیں۔ انٹرنیشنل مارکیٹوں میں سعودی عرب کو فروغ ملے اور سعودی عرب کو عالمی سطح پر منفرد مقام بنانے کے لیے مارکیٹنگ اور میڈیا مل کر پلان تیار کریں۔
اس شراکت داری کا مقصد منفرد تقریبات کی منصوبہ بندی اور ڈیٹا اور انفورمیشن کے تبادلے سے سیاحوں کے تجربات کو بہتر بنانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ایکسپو سعودی عرب کے سیاحتی سیکٹر میں فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔
فہد حمیدالدین اس بارے میں کہتے ہیں کہ ’ایکسپو 2030 کے ساتھ یہ معاہدہ ہماری ان مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے جس سے ہم دنیا کو سعودی عرب کا مستند چہرہ، اس کے مقامات کے تنوع اور عوام کی مہمان نوازی دکھانا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس مشترکہ کاوش کے ذریعے ہم اپنے وژن اور مشترکہ کوششوں کو ہم آہنگ کر رہے ہیں تاکہ ایکسپو 2030 ریاض سیاحتی سیکٹر کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو اور یہ ان اہداف کو حاصل کرنے کے لیے لانچ پیڈ کے طور پر کام کرے جو سعودی وژن 2030 کے ساتھ ہم آہنگ ہوں۔‘
طلال المری کہتے ہیں کہ ’سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ساتھ ایم او یو سائن کرنا ایک غیر معمولی ورلڈ ایکسپو پیش کرنے کی جانب ایک سٹریٹجک قدم ہے۔ ہم اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں اور ان کے تجربات کے ذریعے سیاحوں کو راغب کریں گے اور ایکسپو 2030 ریاض کی اہمیت کو بڑھائیں گے جس سے عالمی مقام کے طور پر سعودی عرب کی پوزیشن مستحکم ہوگی۔‘
