سعودی وزیرخارجہ سے اسحاق ڈار کا رابطہ، سیزفائر برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور
اتوار 12 اپریل 2026 20:27
اسحاق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب سے گفتگو کے دوران خطے میں سیز فائر برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ (فوٹو: اے پی پی)
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان سے ’اسلام آباد مذاکرات’ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب سے گفتگو کے دوران خطے میں سیز فائر برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے تمام فریقین کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری یقینی بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے پاکستان کے امن مذاکرات میں کلیدی کردار اور سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کیلئے مکالمہ جاری رکھنے پر زور دیا۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنے مصری ہم منصب کو ’اسلام آباد مذاکرات‘ اور فریقین کے درمیان روابط کو ممکن بنانے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کے لیے جنگ بندی پر اپنی وابستگی کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ نائب وزیرِاعظم نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے حصول کے لیے مسلسل مکالمے اور سفارت کاری کی ضرورت کو بھی دہرایا۔
