Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے جدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، امریکہ اور ایران کے مذاکرات کا جائزہ

سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے بدھ کو جدہ میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔ 
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات، تعاون کے موجودہ شعبوں اور مختلف شعبوں میں ترقی کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے پاکستان میں ترقی کے فروغ اور دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کے لیے وزیراعظم پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماوں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، جن میں سب سے اہم خطے کے واقعات، پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے امریکہ اور ایران کے مذاکرات پر بھی بات کی۔ 
خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ولی عہد نے اس حوالے سے  وزیر اعظم  پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کا ذکر کیا۔
اس موقع پر وزیر دفاع  شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العبیان موجود تھے۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پاکستانی وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ 

 وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
 انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع  پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ 
انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے  ولی عہد کی قیادت میں مثالی صبر اور تحمل کو سراہا، جن کی موجودہ بحران میں قیادت سعودی عرب اور اس سے باہر کے تمام امن پسند لوگوں کے لیے طاقت کا باعث ہے۔
 وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی امن کوششوں سے متعلق حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا، جس کی وجہ سے امریکہ ایران جنگ بندی ہوئی اور اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی مذاکرات کا دور ہوا۔

بیان کے مطابق سعودی ولی عہد نے امن کے اس عمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری کردار کو سراہا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے مملکت سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر ولی عہد کے لیے اپنی مخلصانہ تعریف کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ’ پاکستان اور مملکت کے درمیان منفرد تعلقات ہیں، کیونکہ دونوں ملک سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت سٹریٹجک دفاعی شراکت دار ہیں۔‘ 
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ  سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو نائب گورنر مکہ ریجن، شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور مملکت میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے پُرتپاک استقبال کیا۔  
 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
اس سے قبل بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم 15 سے 18 اپریل تک مملکت سعودی عرب، ریاست قطر اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔
 وزیر اعظم پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ جائیں گے۔

 

شیئر: