Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی مخلصانہ کوششوں سے جنگ بندی اب تک برقرار: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کے ذریعے پاکستان کو جنگ بندی کو مستقل امن میں بدلنے کا موقع ملا ہے، اور یہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے کہ جنگ بندی اب تک برقرار ہے۔
پیر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے وفود پاکستان کی درخواست پر اسلام آباد آئے۔’ پاکستان کو امن بحال کرنے کا ایک اہم موقع ملا ہے۔‘
وزیراعظم کے مطابق تاریخ میں پہلی بار امریکہ اور ایران کے وفود اسلام آباد میں آمنے سامنے بیٹھے، جبکہ ایران اور امریکہ نے دو ہفتوں کی جنگ بندی پر بھی اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ اور ایران مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو دل سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات ایک تاریخی واقعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو ممالک جو گزشتہ 47 سال سے ایک دوسرے کے سامنے آنے کو تیار نہیں تھے، پاکستان آئے اور امن کے لیے اکٹھے بیٹھے، اوراس حوالے سے تاریخ فیلڈ مارشل کے کردار کو سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ایران اور امریکہ کے مابین سیزفائر اب بھی قائم ہے اور یہ وطن عزیز نے یہ سب کچھ اللہ کی رضا کی خاطر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دعوت قبول کرنے پر ایرانی صدر کے مشکور ہیں۔
خیال رہے پاکستان ہفتے کو امریکہ اور ایران کے درمیان میراتھن  مذاکرات کی میزبانی کی جس کے کئی سیشن ہوئے۔ تاہم 21 گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئے۔ مذاکرات کے بے نتیجہ احتتام کے بعد دونوں ممالک کے وفود اتوار کو واپس چلے گئے۔ 
تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور خطے کی دیگر ممالک اب بھی کوششیں کر رہے ہیں کہ جنگ بندی کو برقرار رکھا جائے اور دونوں فریقین کسی حتمی معاہدے تک پہنچیں جس کے دنیا اور خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن ہو۔ 

 

شیئر: