فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ ایران مکمل، تصفیہ طلب مسائل کے پُرامن حل پر زور
فیلڈ مارشل نے صدر مسعود پیزشکیان کے علاوہ دیگر ایرانی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے ساتھ شامل وفد نے ایران کا سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے۔
سنیچر کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے علاوہ قومی اسمبلی کے سپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
بیان کے مطابق بات چیت میں خطے میں پائیدار امن کے قیام پر توجہ مرکوز رہی، خصوصی طور پر خطے میں بننے والی سکیورٹی کی صورت حال، جاری سفارتی رابطوں اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے اقدامات پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مستقل سفارتی رابطوں کے ذریعے بات چیت، کشیدگی میں کمی اور تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور ایرانی عوام کی جانب سے گرمجوش مہمان نواز کو بھی سراہا اور صدر، وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ایرانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
یہ دورہ مشرق وسطیٰ کے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا عکاس ہے۔
