پاکستان کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ: صدر ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل دونوں شاندار شخصیات ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے بیان کے بعد کہا ہے کہ ’آج کا دن پوری دنیا کے لیے بہت عمدہ ہے۔‘
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جمعے کو انہوں مزید کہا کہ ’پاکستان کا شکریہ، اور اس کے عظیم وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کا بھی شکریہ، دونوں شاندار شخصیات ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعریفی کلمات کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جناب صدر، میں پاکستانی عوام، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اپنی طرف سے آپ کے شاندار الفاظ پر تہہ دِل سے شکریہ ادا ہوں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل جمعے کو ہی ایران نے دنیا کی ایک انتہائی اہم بحری گرزگاہ ’آبنائے ہُرمز‘ کو تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک بیان میں بتایا تھا کہ ’آبنائے ہرمز تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آبنائے ہرمز میں جنگ بندی کے دوران پہلے سے طے شدہ راستوں سے جہازوں کی آمدورفت جاری رہے گی اور جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے کھلی رہے گی۔‘
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے بیان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خیرمقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کو کھول دیا ہے اور جہازوں کی مکمل آمدورفت کے لیے تیار ہے۔ شکریہ۔
