سعودی ولی عہد سے جدہ میں سوئس صدر کی ملاقات
جمعرات 23 اپریل 2026 17:29
دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعرات کو جدہ میں سوئٹزر لینڈ کے صدر گائے پرملن نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں سعودی عرب اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان تعاون کے پہلووں خصوصا سرمایہ کاری کے لیے امید افزا مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور، حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کوششوں میں ہم آہنگی پر بھی بات کی۔
اس موقع پر مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر یاسر بن عثمان الرمیان اور سوئٹزر لینڈ میں سعودی سفیر عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
