سعودی ولی عہد سے جدہ میں شام کے صدر احمد الشرع کی ملاقات
دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو جدہ میں شام کے صدر احمد الشرع کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور شام کے تعلقات، انہیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے خطے کی حالیہ صورتحال اور اس حوالے سے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، ایوان شاہی کے مشیر خالد بن فرید حضراوی اور شام میں سعودی سفیر فیصل المجفل بھی موجود تھے۔
قبل ازیں شام کے صدر احمد الشرع منگل کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے تو مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خیرمقدم کیا۔
