Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی متحدہ عرب امارات کو تین ارب 45 کروڑ ڈالر کے ڈپازٹس کی واپسی مکمل

 پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر کی فراہمی بھی ہوئی ہے (فائل فوٹو: سٹیٹ بینک)
پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے ڈپازٹ کی صورت میں فراہم کردہ تین ارب 45 کروڑ ڈالر کی مجموعی رقم واپس کر دی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 23 اپریل 2026 کو ابو ظبی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کو ایک ارب ڈالر کی ادائیگی کی گئی۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے دو ارب 45 کروڑ ڈالر کی رقم بھی واپس کی گئی تھی جس کے بعد یو اے ای کے تمام ڈپازٹس کی واپسی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
یہ ادائیگیاں ابو ظبی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کو کی گئی ہیں جو متحدہ عرب امارات کا ایک اہم مالیاتی ادارہ ہے اور مختلف ممالک کو مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی طور پر تین ارب 45 کروڑ ڈالر کے ڈپازٹس کی واپسی کے بعد پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے ذمے واجب الادا تمام رقوم ادا کر دی ہیں۔
پاکستان نے سنہ 2018 میں متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر حاصل کیے تھے جبکہ سنہ 2023 میں ایک ارب ڈالر مزید بطور ڈپازٹ لیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ قریباً 45 کروڑ ڈالر کا ایک پرانا قرضہ بھی اس مجموعی رقم کا حصہ تھا جو قریباً تین دہائی قبل لیا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر کی فراہمی بھی ہوئی ہے جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملنے کی توقع ہے۔

شیئر: