Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کے نوجوان صالح آصف سیلف میڈ ارب پتی، پاکستان کی چوتھی امیر ترین شخصیت کیسے بنے؟

صالح آصف کی مجموعی دولت تقریباً 1.3 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے (فوٹو: ایکس)
26 برس کی قلیل عمر میں جہاں نوجوان تعلیم سے فارغ ہو کر بمشکل ملازمت تلاش کرتے ہیں یا کیریئر کے انتخاب پر توجہ مرکوز کرتے ہیں وہیں کراچی کے صالح آصف نے بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
’فوربز‘ میگزین کے مطابق صالح آصف کی مجموعی دولت قریباً ایک ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے جو پاکستانی روپوں میں قریباً 362 ارب روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔
اس پیش رفت کے بعد وہ پاکستان کے چوتھے سب سے امیر شخص بھی بن گئے ہیں۔ صرف یہی نہیں ایلون مسک کی کمپنی ’سپیس ایکس‘ کے ساتھ متوقع ڈیل کے بعد ان کی کمپنی کی قیمت 60 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
تیزی سے اُبھرتی ہوئی اے آئی انڈسٹری میں ان کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان نہ صرف عالمی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں شامل ہیں بلکہ قیادت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

صالح آصف کون ہیں؟

صالح آصف کا تعلق کراچی سے ہے اور انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی کے نکسر کالج سے حاصل کر رکھی ہے۔
کم عمری سے ہی غیرمعمولی ذہانت کے حامل صالح نے سنہ 2016 سے 2018 تک پاکستان کی نمائندگی انٹرنیشنل میتھ اولمپیاڈ میں کی۔ بعد ازاں انہوں نے دنیا کے صفِ اول کے تعلیمی ادارے میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) سے گریجویشن مکمل کی۔
تعلیم کے دوران ہی انہوں نے ٹیکنالوجی کے میدان میں قدم رکھا اور بعد میں اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ’اینِی سفیئر‘ نامی کمپنی کی بنیاد رکھی جس کی قیمت اب قریباً 60 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
اس کمپنی کا سب سے نمایاں پروڈکٹ ’کرسر‘ ہے، جو ایک جدید اے آئی کوڈ ایڈیٹنگ ٹول ہے۔ آج یہ ٹول دنیا بھر میں ہزاروں کمپنیوں اور لاکھوں ڈویلپرز استعمال کر رہے ہیں، جن میں ’این ویڈیا‘، ’ایڈوب‘، ’اوبر‘ اور ’شاپیفائی‘ جیسے بڑے برینڈ شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سنہ 2025 میں کمپنی کی ویلیوایشن تقریباً 29.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی جبکہ اس کا سالانہ ریونیو ایک ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا تھا، جو اسے دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے اے آئی سٹارٹ اپس میں شامل کرتا ہے۔

’سپیس ایکس‘ کے ساتھ 60 ارب ڈالر کی ڈیل

ایلون مسک کی کمپنی ’سپیس ایکس‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سپیس ایکس اے آئی اور کرسر اے آئی اب دنیا کی بہترین کوڈنگ اور نالج ورک اے آئی تیار کرنے کے لیے قریبی طور پر ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘

’کرسر کے نمایاں پروڈکٹ اور ماہر سافٹ ویئر انجینئرز تک اس کی وسیع رسائی کو، سپیس ایکس کے ’کولوسس‘ ٹریننگ سپر کمپیوٹر (جو دس لاکھ H100 کے مساوی صلاحیت رکھتا ہے) کے ساتھ ملانے سے ہمیں دنیا کے سب سے مفید ماڈلز بنانے میں مدد ملے گی۔‘
ان کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’کرسر نے سپیس ایکس کو یہ حق بھی دیا ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں 60 ارب ڈالر میں کرسر کو خرید سکے، یا ہمارے باہمی کام کے عوض 10 ارب ڈالر ادا کرے۔‘

شیئر: