عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کے لیے ’حج پرمٹ‘ کی پابندی ضروری: وزارت حج
اتوار 26 اپریل 2026 20:55
وزارت کا کہنا ہے قوانین کی خلاف ورزی سخت سزاوں کا باعث بنتی ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
وزارتِ حج و عمرہ کہا ہے کہ ’عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ’حج پرمٹ‘ کی پابندی ضروری ہے۔‘
ضوابط پر عمل کرنے سے عازمین کو آسانی اور سہولت کے ساتھ مناسک کی ادائیگی میں مدد ملتی ہے جبکہ حج سیزن کے دوران منظم موومنٹ اور استحکام کو بھی فروغ ملتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارتِ حج نے بیان میں کہا کہ’ پرمٹ کا مقصد ازدحام کو منظم کرتے ہوئے عازمین کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔‘
وزارت نے حج قوانین و ضوابط پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف سخت سزاوں کا باعث بنتی ہیں بلکہ عازمین کی سلامتی اور خدمات کی موثر فراہمی کو بھی خطرے میں ڈالتی ہیں۔
وزارت نے سوشل میڈیا پرغیر قانونی طور پر حج خدمات فراہم کرنے کے دعووں اور گمراہ کن اشتہارات سے بھی خبردار کیا ہے۔
وزارت نے مزید کہا ’مختلف ملکوں کے حج مشنز اور اداروں سے مل کر آگاہی بڑھانے اور عازمین کو آمد سے قبل رہنمائی فراہم کرنے کے لیے تعاون کیا جا رہا ہے تاکہ آغاز سے ہی حج کو منظم کیا جا سکے۔
وزارت نے عازمین پر زور دیا کہ سفر حج سے پہلے اپنے اجازت ناموں کی تصدیق کرلیں، مقامی قوانین و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں کیونکہ ’لا حج بلا تصریح‘ (پرمٹ کے بغیر حج نہیں) کی پالیسی ایک محفوظ اور روحانی تجربے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
