Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رباط انٹرنیشنل کتب میلے میں سعودی پویلین کا افتتاح

مراکش میں شروع ہونے والا کتب میلہ دس مئی تک جاری رہے گا (فوٹو، ایس پی اے)
مراکش کے دارالحکومت رباط میں شروع ہونے والے انٹرنیشنل بک فیئر 2026 کے 31 ویں ایڈیشن میں سعودی عرب کے پویلین کا افتتاح کردیا گیا۔ میلہ دس مئی تک جاری رہے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کی جانب سے کتب میلے کا اہتمام کیا گیا جس میں دیگر سرکاری ادارے بھی شامل ہیں۔
کمیشن کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللطیف الواصل کا کہنا ہے کہ رباط کتب میلے میں شرکت دونوں برادر ملکوں کے تاریخی و ثقافتی تعلقات کا عکاس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی پویلین ایک جامع ثقافتی دریچہ ہے جو مملکت کے ویژن 2030 کے تحت جاری فکری و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔
ڈاکٹر الواصل نے مزید بتایا کہ اس عالمی میلے میں شرکت کا مقصد سعودی ادیبوں اور ناشروں کی معاونت، ثقافتی تبادلے کے نئے مواقع پیدا کرنا اور اشاعتی صنعت کو فروغ دینا ہے، جبکہ یہ میلہ مشرق ومغرب اور عرب دنیا کے اہلِ علم و ادب کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کا اہم پلیٹ فارم بھی ہے۔

 میلے میں شعری و ادبی محافل کا بھی اہتمام کیا گیا ہے (فوٹو، ایس پی اے)

رباط انٹرنیشنل کتب میلے کے موقع پر خصوصی ثقافتی پروگرام بھی ترتیب دیے گئے، جس میں مکالماتی نشستیں، شعری محافل اور ورکشاپس شامل ہیں۔ ان میں سعودی و مراکشی ادباء و دانشور شرکت کریں گے، جبکہ ادب، اشاعت اور ترجمہ سے متعلق موضوعات زیرگفتگو آئیں گے۔
میلے میں سعودی عرب کی شرکت عالمی ثقافتی فورمز میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے، کتاب و مصنف کی سرپرستی کرنے والی قومی کاوشوں کو متعارف کرانے اور مملکت کو ایک نمایاں ثقافتی مرکز کے طورپر اجاگر کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔  

شیئر: