Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے کئی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی، ’گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب کے خطرات‘

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا باعث بننے والا موسمی سسٹم خطہ پوٹھوہار میں تشکیل پا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے کچھ حصوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ این ڈی اے کے الرٹ میں عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پیر کی صبح آٹھ بجے جاری کیے گئے الرٹ میں خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات اور دیگر مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق بارش کا باعث بننے والے موسمی سسٹم خطہ پوٹھوہار اور کوہاٹ کے علاقوں میں تشکیل پا رہا ہے، جس کی وجہ سے کوہاٹ کے علاوہ اٹک، تلہ گنگ، چکوال، اسلام آباد، راولپنڈی، مری گلیات میں اگلے چند گھنٹے کے دوران جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس لہر کے دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
اس سے قبل نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے الرٹ میں 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے کئی حصوں میں تیز بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
بیان کے مطابق موسم کا موجودہ پیٹرن اپریل سے جون تک کی مدت کے لیے جاری کیے گئے موسمیاتی جائزے سے مطابقت رکھتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں آندھی چلنے اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا ہے (فوٹو: اردو نیوز)

اس میں بتایا گیا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، قصور، میانوالی، جھنگ، سرگودھا اور ملتان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے حوالے سے بتایا گیا کہ چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، باجوڑ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک میل، بنو، لاڑک میل، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت کئی اضلاع میں بارش ہو گی جبکہ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

’عوام برفانی جھیلوں اور خطرناک ڈھلوانوں پر جانے سے گریز کریں‘

این ڈی ایم اے کی جانب سے خبردار بھی کیا گیا ہے کہ بڑھتے درجہ حرارت سے شمالی علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے جبکہ گلیشیئرز پھٹنے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں، جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے گلیشیر پگھلنے سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خدشات پیدا ہو سکتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اتھارٹی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ برفانی جھیلوں اور خطرناک ڈھلوانوں پر جانے سے گریز کریں جبکہ مسافروں کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے کیونکہ خراب موسم کے باعث خصوصاً پہاڑ علاقوں میں سفر میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات کے علاوہ سولر پینلز اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ادارے نے عوام سے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، محفوظ مقامات پر رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
اتھارٹی نے خبردار کیا کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور ڈھانچے، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا کہ وہ شدید موسمی حالات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، اور مقامی انتظامیہ اور موسمی مشاورتی حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

شیئر: