سعودی عرب اور روس کے درمیان ویزا فری ٹریول، معاہدے پر عملدرآمد
سعودی عرب اور روس نے یکم دسمبر 2025 کو معاہدے پر دستخط کیے تھے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور روس کے درمیان سفر کے لیے ویزے سے استثنی کے معاہدے پر پیر گیارہ مئی سے عملدرآمد شروع ہو گیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام سیاحت اور ثقافتی تبادلح کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور روس نے یکم دسمبر 2025 کو ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس میں دونوں ملکوں کے شہریوں کو ویزا فری انٹری کی اجازت دی گئی ہے۔
اس معاہدے کے تمام اقسام کے پاسپورٹ ہولڈر ویزا فری ٹریول کر سکیں گے۔ روس پہلا ملک ہے جس کے ساتھ مملکت نے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے باہمی ویزے سے استثنی کا معاہدہ کیا ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو سیاحت، کاروبار یا فیملی وزٹ کے لیے ویزا فری انٹری کی اجازت ایک کیلنڈر سال کے اندر مجموعی طور پر 90 دن کے لیے ہوگی۔
اس استثنی کا اطلاق، ورک، سٹڈی، رہائش یا حج کے لیے نہیں ہوتا، اس کے لیے مخصوص ویزے کی ضرورت رہے گی۔
اس معاہدے کا نفاذ سعودی عرب اور روس کے سفارتی تعلقات کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اقدام باہمی دوروں میں اضافہ اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنائے گا۔
