حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں اور شہریوں کے خلاف انتظامی فیصلے
حج پرمٹ کے بغیر 29 افراد کو مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کر رہے تھے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ نے حج پرمٹ کے بغیر 29 افراد کو مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کرنے والے 5 غیرملکیوں اور 14 شہریوں کو حج ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت نے سیزنل انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے ٹرانسپورٹرز، خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد اور پرمٹ کے بغیر مکہ جانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف انتظامی فیصلے جاری کیے۔
سزاوں میں قید، ایک لاکھ ریال تک جرمانے اور تشہیر شامل ہے۔ پرمٹ کے بغیر حج کرنے کی کوشش پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ، غیرملکیوں کی مملکت سے بے دخلی اور سزا پوری ہونے کے بعد 10 سال تک مملکت میں دوبارہ داخلے پر پابندی ہوگی۔
خلاف ورزی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے لیے قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
وزارت نے سعودی شہریوں اور غیرملکیوں پر زور دیا کہ وہ حج قوانین اور ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔
